واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) ایک اعشاریہ دوٹریلین ڈالر مالیت کے انفراسٹرکچر بل کی منظوری کے ہنگام امریکی صدر جوبائیڈن اور نائب صدر کاملا ہیرس کے درمیان تلخی کی افواہیں گردش کر رہی تھیں جنہیں صدر بائیڈن اور ہیرس نے بل پر دستخط کرنے سے قبل بغل گیر ہو کر ہوا میں اڑا دیا۔
میل آن لائن کے مطابق گزشتہ روز وائٹ ہاﺅس کے جنوبی لان میں اس بل پر دستخط کرنے کے لیے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں شریک ہونے والے مہمانوں میں ڈیموکریٹس اور ری پبلکنزدونوں شامل تھے اور اس بل کو دونوں پارٹیوں کی حمایت حاصل تھی تاہم پھیلی ہوئی افواہوں میں نائب صدر کے متعلق کہا جا رہا تھا کہ وہ خدشات کا شکار ہیں اور محسوس کر رہی ہیں کہ شاید صدر جوبائیڈن انہیں سائیڈ لائن کر رہے ہیں، مگر یہ افواہیں اس وقت دم توڑ گئیں جب صدر جوبائیڈن اور کاملا ہیرس اکٹھے اس تقریب میں شرکت کے لیے آئے اور مہمانوں کے سامنے ایک دوسرے سے بغل گیر ہوئے۔
اس تقریب سے کئی اراکین گانگریس اور صدر جوبائیڈن نے خطاب کیا اور پھر صدر جوبائیڈن نے بل کی دستاویز پر دستخط کیے۔
جو بائیڈن اور نائب صدر کاملا ہیرس میں تلخ کلامی کی افواہیں، دونوں نے سب کے سامنے ایسا کام کردیا کہ دیکھنے والے بھی دنگ رہ گئے
