• Tue. Jul 8th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

ثانیہ مرزا کی ٹینس پارٹنرچینی کھلاڑی اپنے ملک کے سابق نائب وزیراعظم پر جنسی زیادتی کا الزام لگانے کے بعد پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئیں

Nov 21, 2021

بیجنگ(نمائندہ خصوصی)ثانیہ مرزا کی ٹینس پارٹنر پینگ شوئی سابق چینی نائب وزیراعظم ژانگ گاولی پر جنسی زیادتی کا الزام لگانے کے بعد پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئیں ہیں۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق پینگ شوئی نے دو ہفتے قبل چینی سوشل میڈیا ایپ ویبو پر ایک پوسٹ میں الزام لگاتے ہوئے کہا کہ سابق نائب وزیر اعظم ژانگ گاولی نے کافی سال پہلےانہیں اپنے ساتھ جنسی تعلقات قائم کرنے پر مجبور کیا تھا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ ژانگ گاولی مجھے اپنے گھر لے گئے جہاں مجھے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ان کی اس پوسٹ کو چند منٹوں بعد ہی ڈیلیٹ کردیا گیا تھا جبکہ اب پینگ شوئی خود بھی کچھ روز سے لاپتہ ہیں اور ان کے بارے کسی کو علم نہیں ہے۔سوشل میڈیا پر ٹینس کی عالمی فیڈریشن سے معاملے کو اٹھانے کی اپیل بھی کی جارہی ہے۔ٹینس کے عالمی سٹار اینڈی مرے سمیت دیگر کھلاڑیوں نے بھی اس معاملے کو اٹھایا ہے۔

واضح رہے کہ 75 سالہ ژانگ گاولی نے 2013 اور 2018 کے درمیان چین کے نائب وزیر اعظم کے طور پر خدمات انجام دیں اور وہ چینی صدر شی جن پنگ کے قریبی اتحادی تھے۔