• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

شہر کی ترقی اور عوام کو سہولیات کی فراہمی مشن ہے

Nov 26, 2021

بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے)شہر کی ترقی اور عوام کو سہولیات کی فراہمی مشن ہے ، ہر صورت کامیاب ہوں گے۔ان خیالات کا اظہارمیئر بہاولپور عقیل نجم ہاشمی نے اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن بہاولپور کے چیف آفیسر نصراللہ ملک اورادارہ کے میونسپل آفیسرز کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر منعقد ہونے والے کارکردگی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے آفیسرز کو مخاطب کیا کہ شہریوں کے مسائل کے حل کے لیئے ہر ممکن کوشش اور دن رات محنت کرکے شہر کے مسائل کو حل کیا جائے۔ انہوں نے انفراسٹرکچر برانچ کے ہیڈ ریاض چوہدری اور سب انجینئر رئیس عمران احمد کی کارکردگی کو سراہا،کہ جنہوں نے ساجد اعوان کالونی میں سیوریج کے بڑے و دیرینہ مسئلہ کو خوش اسلوبی اور جانفشانی سے حل کیا۔ میئر بہاولپور نے کہا کہ اپنے شہریوں کی بہترین خدمت ان کی اولین ترجیح ھے اور اس کے لیئے وہ دن رات کوشاں ہیں۔ چیف آ فیسر نصراللہ ملک نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چارج سنبھالتے ہی شہر کے مختلف مسائل سے آ گاہی ہوئی، اپنے ادارہ کی ٹیم کے ہمراہ ترجیحی بنیادوں پرمسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں۔عوام کے مسائل کے حل میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے گا۔ چوہدری ریاض اور رئیس عمران نے حوصلہ افزائی پر میئر عقیل نجم ہاشمی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چیف آ فیسر نصراللہ ملک کی قیادت میں ادارے کی نیک نامی، شہر کی تعمیر وترقی اور سہولیات کی فراہمی میں اپنے حصہ کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔