بہاولپور(نویداقبال چوہدری سے )دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور میں خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ پروفیسر ڈاکٹر صاعقہ امتیاز آصف وائس چانسلر دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ مس تنویر زہرہ ایڈووکیٹ سپریم کورٹ، مہرین فاطمہ سب انسپکٹر انچارج ویمن پروٹیکشن سیل بہاولپور، مس ثمرین اصغر کانسٹیبل پنجاب پولیس اور مذہبی اسکالر مس رابعہ عباس نے بطور مہمان اعزاز شرکت کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صاعقہ امتیاز آصف نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن کو منانے کا مقصد خواتین پر ذہنی، جسمانی تشدد اور ان کے مسائل سے متعلق آگاہی فراہم کرنا،انہیں ہر طرح کا تحفظ مہیا کرنا اور ان کے حقوق کی بازیابی کیلئے ہر ممکن کوشش کرنا ہے۔ اس موقع پر مس مہرین فاطمہ انچارج ویمن پروٹیکشن سیل اور ثمرین اصغر کانسٹیبل پنجاب پولیس کی جانب سے یونیورسٹی طالبات کو توسیعی لیکچر دیا گیا کہ وہ اپنے حقوق جانتے ہوئے کس طرح سے بلا خوف وخطر خود کو محفوظ سمجھتے ہوئے اپنی شکایت بذریعہ آن لائن ویمن پروٹیکشن ایپ یا ڈی پی او آفس میں قائم ویمن پروٹیکشن سیل میں درج کرواکر انصاف حاصل کرسکتی ہیں۔ اس موقع پر دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی کی طالبات کو ویمن پروٹیکشن سیل کی طرف سے ایک ویڈیو بھی دیکھائی گئی کہ وہ کس طرح خود کو جنسی و ذہنی تشدد سے محفوظ رکھ سکتی ہیں۔ سیمینار سے مس تنویر زہرہ ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے خواتین اساتذہ اور طالبات کو انکے قانونی حقوق سے آگاہ کیا۔ تقریب سے مذہبی اسکالر مس رابعہ عباس نے بھی قرآن و حدیث کی روشنی میں عورت کی اہمیت اور اسکے حقوق کو واضح کیا۔ تقریب میں یونیورسٹی اساتذہ اور طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔