ساہیوال(بیورورپورٹ)اساتذہ کسی بھی معاشرے کے معمار ہوتے ہیں ،نئی نسل کو حروف شناسی سے لیکر قومی و ملی امنگوں سے ہم آہنگ کرنے میں اساتذہ کا کردار بہت اہم ہوتا ہے ،نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت اور انہیں مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بنانے میں اساتذہ کا اہم کردار ہے اور کوئی معاشرہ اساتذہ کی عزت و تکریم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا ،اللہ تعالی کی پہلی وحی میں پڑھنے سے ہی متعلق تھی جس سے اسلام میں تعلیم اور استاد کی اہمیت واضح ہوتی ہے -یہ بات چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن سجاد اسلم نے ”ٹیچر ڈے“کے موقع پر گورنمنٹ کمپری ہنسو سکول میں ہونے والی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی -تقریب کے مہمان اعزاز اے ڈی سی جنرل فاروق اکمل اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق تھے جبکہ محکمہ تعلیم کے ضلعی افسران غزالہ انور وٹو ،سید راشد لطیف،جاوید اقبال،شازیہ اقبال ،صائمہ انور چوہدری کے علاوہ ہیڈ ماسٹر ایسوسی ایشن ضلع ساہیوال کے صدر لیاقت علی نوید ،نائب صدر محمد یاسین خان ،جنرل سیکرٹری نوید عظمت ،فی میل ہیڈ ماسٹر ایسوسی ایشن کی صدر میڈیم نور افشاں اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سی ای او آفس محمد شفیق نے بھی شرکت کی -انہوں نے کہا کہ معاشرے کی تشکیل میں اساتذہ کا سب سے اہم کردار ہے کیونکہ نئی نسل کو تربیت دینے کا سب سے اہم کام اساتذہ ہی سر انجام دیتے ہیں -انہوں نے کہا کہ اسلام نے علم حاصل کرنے پر سب سے زیادہ زور دیا ہے اور ہر مسلمان مرد و زن پر لازم قرار دیا ہے کہ وہ تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو کر معاشرے کی بھلائی میں اپنا کردار ادا کریں -سی ای او ایجوکیشن سجاد اسلم نے کہا کہ پاکستان کا قیام اللہ تعالی کی طرف سے ایک معجزہ ہے جس کی حفاظت ہم سب کا دینی و ملی فرض ہے -ہمیں چاہیے کہ جس کسی شعبے میں بھی ہوں ملک کی خیر و خواہی چاہیں اور معاشرے کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالیں-تقریب میں مختلف سکولوں کے طلبا و طالبات نے ٹیبلو اور خاکے بھی پیش کئے جس میں اساتذہ کی محنت اور عظمت کو اجاگر کیا گیا جبکہ سالانہ نتائج کی بنیاد پر اعلی کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے مختلف پرائمری اورسکینڈری سکولوں کے اساتذہ اور طلبا و طالبات کو انعامات بھی دیئے گئے -تقریب کے اختتام پر نو منتخب ہیڈ ماسٹرایسوسی ایشن کے عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی جس میں سال 2019-20کے لئے نئے منتخب عہدیداران نے حلف لیا-