• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

ہندو مذہب اپنانے والے وسیم رضوی پر بھارت میں مقدمہ درج کرلیا گیا

Dec 25, 2021

نئی دہلی (ویب ڈیسک) ہندو مذہب اپنانے والے وسیم رضوی پر بھارت میں مسلمانوں کو جان سے مارنے کیلئے پارٹی ارکان کو اکسانے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا، پولیس نے کہا ہے کہ جتیندر نارائن اور دیگر نامعلوم افراد کے خلاف مذہبی گروہوں کے درمیان نفرت کو فروغ دینےکے الزام کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق بھارت کی شمالی ریاست اتراکھنڈ میں ہندو رہنماؤں کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر سامنے آنے کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین نےنفرت انگیز تقاریرکی ویڈیوز میں بہت سے مقررین کی شناخت کی ہے جو اہم مذہبی رہنما ہیں جن میں اکثر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے وزرا اور اراکین کے قریبی دوست ہیں۔ سوشل میڈیا پر بہت سے صارفین نے یہ سوال بھی کیا ہے کہ پولیس نے جتیندر نارائن کے علاوہ کسی بھی مقرر کے خلاف مقدمہ کیوں درج نہیں کیا؟جس کا جواب دیتے ہوئے سینیئر پولیس اہلکار اشوک کمار کاکہنا تھا کہ یہ مقدمہ ایک مقامی رہائشی کی شکایت موصول ہونے کے بعد درج کیا گیا ،جس میں صرف جتیندر نارائن کا نام لیا گیا اور کہا گیا کہ وہ دیگر افراد کی شناخت نہیں کر سکے۔
واضح رہے کہ 17 اور 19 دسمبر کے درمیان بھارتی شہر ہردوار میں ہندوتوا جماعت کے رہنماؤں کی جانب سے مسلمانوں کو جان سے مارنے کیلئے پارٹی ارکان کو اکسانے اور مشتعل کرنے کی ویڈیوز سامنے آئی تھیں۔ پولیس کے مطابق فی الحال کوئی گرفتاری نہیں کی گئی تاہم ہندو مذہب اپنانے والے وسیم رضوی جن کا نام اب جتیندر نارائن تیاگی ہے ان کو مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے ۔