بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے)ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایت کے مطابق پبلک ویلفیئر کے تمام امور شاندار انداز میں انجام دیئے جائیں تاکہ علاقہ کے لوگ ریلیف حاصل کرسکیں۔ وہ آج یہاں اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہد عمران مارتھ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عامر نذیر کھچی، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر محمد طیب،اسسٹنٹ کمشنر ز، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اقبال، سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر محمد عظیم ذیشان، چیف آفیسر ضلع کونسل میاں اظہر جاوید، سی ای او بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نعیم اختر، میونسپل کمیٹی کے چیف آفیسرزاور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر میں موجود مین ہولز کے ڈھکنوں کی تنصیب، خراب سٹریٹ لائٹس کی بحالی اور سیوریج لائن کی مرمت و دیکھ بھال کے کاموں کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہ اور مرکزی سڑکوں پر قائم سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں آمد و چھٹی کے اوقات میں طلباء وطالبات کو سڑک کراس کرانے کے لئے متعلقہ سکولوں کے اساتذہ کرام کو نگرانی کے لئے مامور کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایت کے مطابق بس اسٹینڈز پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کے ساتھ ساتھ وائٹ واش کے کام اور مسافروں کے لئے بیٹھنے کے مناسب انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ سرکاری عمارتوں پر وائٹ واش اور پینٹ کے کام بہتر انداز میں مکمل کئے جائیں۔ نیز علاقہ میں موجود پلے گراؤنڈز اور گرین بیلٹس کی دیکھ بھال کے کام بھی بہتر انداز میں انجام دیئے جائیں۔علاوہ ازیں ضلع بھر میں موجود پرانے پلوں کی مرمت اوردیکھ بھال سمیت کوڑاکرکٹ بھی مناسب طریقہ سے تلف کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں بل بورڈز کی تنصیب درست طریقہ سے کی جائے اور حکومت کی ہدایت کے مطابق وال چاکنگ کے خاتمہ سمیت واٹر ٹینکس کی صفائی اور کلورینیشن کے کام بھی بروقت کئے جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ضلع بھر میں نکاس آب کے کام بہتر طریقے سے بروئے کار لائے جائیں اور پانی ایک جگہ نہ ٹھہرنے دیا جائے۔انہوں نے مزیدکہا کہ ضلع بھر میں موجود ہسپتالوں، بنیادی مراکز صحت اور دیہی مراکز صحت کے اندر اور باہر صفائی ستھرائی کے شاندار انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ اوورلوڈنگ اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے مالکان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ نیز ضلع بھر کے دیہی اور شہری علاقوں میں موجود چھوٹی سڑکوں کی مرمت اور دیکھ بھال کے کام بھی جلد مکمل کئے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک آمد و رفت میں رکاوٹ بننے والے یوٹیلیٹی پولزکی مناسب جگہوں پر تنصیب کے کام بھی بہتر طریقہ سے کئے جائیں۔اس موقع پر سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر محمد عظیم ذیشان نے 27 جنوری 2021ء سے 3 فروری 2022ء تک پبلک ویلفیئر کے حوالہ سے بروئے کار لائے گئے امور بارے بریف کیا۔