مہمند (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا حکومت اور فرنٹیئر کور نارتھ کے تعاون سے ضلع مہمند میں پاکستان سپورٹس فیسٹیول 2022 کا باقاعدہ آغاز ہو گیا. سپورٹس فیسٹیول میں ضلع مہمند کی تمام تحصیلوں سے کرکٹ, فٹبال, والی بال اور باسکٹ بال سمیت دیگر اہم کھیلوں کی 520 ٹیمیں اور پانچ ہزار کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں. اس سلسلے میں افتتاحی تقریب مہمند میں ہوئی.
افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ایم این اے ساجد مہمند تھے جبکہ سپورٹس فیسٹیول میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں, آفیشلز, ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز کے عہدیداران اور بڑی تعداد میں شہریوں سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مہمانوں نے شرکت کی. افتتاحی تقریب میں سپورٹس فیسٹیول میں حصہ لینے والی ٹیموں نے مارچ پاسٹ کیا جبکہ سکول کے بچوں نے جمناسٹک کا مظاہرہ کیا. اس موقع پر مقامی فنکاروں نے روایتی رقص پیش کیا.
مہمان خصوصی ایم این اے ساجد مہمند اور شہریوں نے فرنٹیئر کور نارتھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ضلع مہمند میں اس طرح کے صحت افزا فیسٹیول کروانے پر وہ شکر گزار ہیں. پاکستان سپورٹس فیسٹیول مشترکہ طور پر باجوڑ, مہمند اور خیبر میں 23 مارچ تک کھیلا جا رہا ہے.
پاکستان سپورٹس فیسٹیول 2022 کا باقاعدہ آغاز ، فرنٹیئر کور نارتھ کی خدمات کو زبردست خراج تحسین
