• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

17ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی مضبوط، مستحکم اور پرامن پاکستان کی ضامن ہے

Feb 12, 2022

بہاول پور (نویداقبال چوہدری سے)17ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی مضبوط، مستحکم اور پرامن پاکستان کی ضامن ہے اوراس سپورٹس ایونٹ میں ملک بھر سے ریسرز کی شرکت اور دنیا بھر سے سیاحوں کا اس ریلی کو دیکھنے کے لئے آنا اورپھرپرنٹ میڈیا، الیکٹرانک میڈیا، سوشل و ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے اس خوبصورت ایونٹ کو دنیا بھر میں وائرل کرنے سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر ہوتا ہے۔ان خیالات کا اظہار کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال نے آج یہاں 17ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی تقریبات کے سلسلہ میں بہاول جم خانہ کے زیر اہتمام دلوش اسٹیڈیم ڈیراور کے مقام پر ٹینٹ پیگنگ (نیزہ بازی) کے منعقدہ مقابلہ جات کے موقع پربحیثیت مہمان خصوصی اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرریجنل پولیس آفیسر بہاول پور شیر اکبر، ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاول پور عبادت نثار، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عامر نذیر کھچی، ضلعی انتظامیہ، ممبران بہاول جم خانہ، ضلع کونسل و سپورٹس افسران سمیت سیاحوں اور مقامی عمائدین کثیر تعداد میں موجود تھے۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ17ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی میں پہلی بارٹینٹ پیگنگ جیسے مقابلہ جات کا انعقاد عمل میں لایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر سیاحوں اور مقامی لوگوں کو شاندار ریس، رنگا رنگ ثقافتی تقریبات اور دیگر تفریحی سرگرمیاں دیکھنے کا موقع مل رہا ہے جو خوش آئند امر ہے۔انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی جیسے میگاایونٹ کے موقع پر اسی طرح کے صحت مندانہ مقابلہ جات کے انعقاد کی ہماری نوجوان نسل کو سخت ضرورت ہے جس سے ان کو اپنی چھپی ہوئی صلاحیتوں کونکھارنے میں نمایاں مدد ملتی ہے۔ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا نے اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی میں دیگر رنگا رنگ ثقافتی تقریبات کے ساتھ ساتھ ٹینٹ پیگنگ، کبڈی، رسہ کشی، کشتیاں، والی بال اور دیگر کھیلوں کی سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹینٹ پیگنگ مقابلہ میں بہترین نظم و ضبط اور سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا ہے۔یاد رہے کہ ٹینٹ پیگنگ مقابلہ جات میں صادق پبلک سکول بہاول پور کے رائیڈنگ کلب کے طلباء و طالبات اور ایشیا ٹینٹ پیگنگ کلب نے بھی شرکت کی۔ٹینٹ پیگنگ مقابلہ کے موقع پر شائقین اور سیاحوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔مقابلہ جات کے اختتام پر کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال نے ٹینٹ پیگنگ مقابلہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں شیلڈز اور انعامات تقسیم کئے۔