بھوپال (نمائندہ خصوصی) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ایک نوجوان نے اپنی بیوی کے خلاف عدالت سے رجوع کیا ہے ۔ نوجوان کا الزام ہے کہ بیوی نے اس کے ساتھ دھوکہ کیا اور سہاگ رات کی ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکی دے کر بلیک میل کر رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وڈوڈا کے نوجوان کی 2019 میں شادی ہوئی تھی۔ شادی کے 17 روز بعد بیوی نے دھوکہ دہی کے کیس میں شوہر کو جیل پہنچادیا ۔ بڑی مشکل سے نوجوان کی جان خلاصی ہوئی اور وہ دوبارہ بیوی سے ملنے گیا تو اس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اس کا پاسپورٹ اور نقدی چھین لی۔ خاتون نے دھمکی دی کہ اگر 10 لاکھ روپے نہ دیے گئے تو وہ سہاگ رات کی ویڈیو وائرل کردے گی اور شوہر کو ریپ کیس میں پھنسادے گی۔
شوہر نے اپنی بیوی کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تو یہ انکشاف بھی ہوا کہ اس کے ساتھ شادی کرنے والی خاتون دراصل پہلے سے شادی شدہ اور ایک بچی کی ماں ہے۔ عدالت کے حکم پر پولیس نے بیوی اور اس کے پانچ ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔