نیویارک (نمائندہ خصوصی) امریکہ کے شہر نیویارک کی بورو کوئینز کے علاقے رچمنڈ ہل میں صبح ساڑھے سات بجے گردوارہ جاتے ہوئے ایک نامعلوم شخص نے 75 سالہ بزرگ سکھ کو گھونسے مار کر زخمی کر دیا. متاثرہ شخص کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی اور چہرے پر بھی زخم آئے.
پولیس کے مطابق متاثرہ شخص کو پرائیویٹ طور پر جمیکا ہسپتال میڈیکل سینٹر لے جایا گیا جہاں اس کو طبی امداد دی گئی. مبینہ طور پر اس کی ناک ٹوٹی ہوئی تھی.متاثرہ شخص کی شناخت سردار نرمل سنگھ کے نام سے ہوئی ہے جو دو ہفتے قبل کینیڈا سے امریکہ آیا تھا. اس واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں اور حملے کو ابھی تک نفرت انگیز جرم کے طور پر درج نہیں کیا گیا.
سردار نرمل سنگھ کے بیٹے منجیت سنگھ نے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے اپنے ایک پیغام میں نیویارک پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کے والد کو زخمی کرنے والے شخص کو گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے.
نیویارک میں گردوارہ جاتے ہوئے بزرگ سکھ کو نامعلوم شخص نے گھونسے مار کر زخمی کر دیا
