• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

یوکرین سےجنگ، اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کی اکثریت نے روس سے ہجرت شروع کردی، رپورٹ میں تہلکہ خیز دعویٰ

Aug 22, 2022

نیویارک (نمائندہ خصوصی) روس, یوکرین جنگ کی وجہ سے اعلیٰ تعلیم یافتہ روسی نوجوان بڑی تعداد میں روس چھوڑ کر دوسرے ممالک منتقل ہو رہے ہیں. ماہرین کا کہنا ہے کہ روسی برین ڈرین کی ہجرت، روس کی صحافت سے لے کر تعلیم اور ٹیکنالوجی تک کے شعبوں کو تباہ کر سکتی ہے. روس کی فیڈرل سیکیورٹی سروسز کے اپنے اندازے کے مطابق رواں سال جنوری سے مارچ تک 38 لاکھ سے زائد روسی شہری روس کو چھوڑ کر دوسرے ممالک میں منتقل ہو چکے ہیں. ان میں سے بعض لوگ ملازمتوں یا سفر کی وجہ سے ملک چھوڑ گئے. لیکن لوگوں کی ایک کثیر تعداد یوکرین پر روس کی جنگ کی وجہ سے دوسرے ممالک جا چکے ہیں. زیادہ تر روسی نوجوان ترکی، جاجیا، آرمینیا، اسرائیل، ازبکستان، قازقستان، کرغزستان، سربیا اور مونٹینگرو جا رہے ہیں.

‘فارچون’ میگزین کی ایک رپورٹ کے مطابق اندازہ ہے کہ یوکرین روس جنگ کی وجہ سے روس سے جانے والے لوگوں کی تعداد 3 لاکھ سے 38 لاکھ کے درمیان ہو سکتی ہے تاہم صحیح تعداد ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی. ‘اوکے’ نامی روس کی ایک غیر سرکاری تنظیم کے ایک حالیہ سروے میں کہا گیا ہے کہ فروری کے بعد ملک چھوڑنے والے روسیوں کی اوسط عمر24 سال سے 32 سال کے درمیان ہے جبکہ ان میں سے 80 فیصد کے پاس اعلیٰ تعلیم کی ڈگریاں ہیں.

جنگ کو شروع ہوئے 6 ماہ ہونے والے ہیں، روس کو ملک چھوڑ کر باہر جانے والوں کی ہجرت کی دوسری لہر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، کیونکہ ایسے افراد اور خاندان جن کو اپنی زندگیوں میں مصالحت کے لیے مزید وقت درکار تھا، اب وہ بھی روس چھوڑ کر جا رہے ہیں. اگرچہ اندازوں میں بڑے پیمانے پر فرق ہے.
رواں سال ملک سے بڑے پیمانے پر انخلاء کا موازنہ روس سے ابتدائی ہجرت سے کیا جا سکتا ہے، جب سوویت یونین کا خاتمہ ہوا تو 12 لاکھ روسی 1992 اور 1993 کے دوران دوسرے ممالک منتقل ہوگئے تھے. ماہرین کا کہنا ہے کہ روس کے نوجوان، ہنر مند اور تعلیم یافتہ شہریوں کی بڑی تعداد میں روسی برین ڈرین کی ہجرت صحافت سے لے کر تعلیم اور ٹیکنالوجی تک کے شعبوں کو تباہ کر سکتی ہے.