اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)قومی کرکٹر محمد نواز کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف آخری اوور کرنا مشکل ہوتا ہے لیکن میں پُر اعتماد تھا۔
انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میں سپنرز کے لیے آخری اوور کرنا آسان نہیں ہوتا، مجھے پہلے علم نہیں تھا کہ بھارت کے خلاف میچ میں آخری اوور کروں گا،میچ کی صورتحال کچھ ایسی ہوگئی تھی کہ مجھے اوور کرنا پڑا۔محمد نواز کا کہنا تھا کہ فاسٹ بولرز کو کریمپ پڑ رہے تھے اس لیے ان کے اوورز پہلے ختم ہونے پر مجھے اوورکرنا پڑا۔
جیو نیوز کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کا مورال بلند ہے، میچ میں فائٹ کی جس سے اعتماد میں اضافہ ہوا، بھارت کے خلاف اگلا میچ ہوتا ہے تو اس کے لیے پُر اعتماد ہیں کہ ہم جیتیں گے۔محمد نواز نے کہا کہ ورلڈ کپ میں بھارت کو ہرا چکے ہیں، اب بھی میچ ہوتا ہے تو جیتنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپنرر پر بڑی اہم ذمہ داری ہے، اسی کے مطابق ہم پریکٹس کر رہے ہیں جبکہ نسیم شاہ کو انجری کا سامنا نہیں ہے انہیں کریمپس پڑے تھے۔