نیو یارک (نمائندہ خصوصی) فیس بک کے بانی و مالک مارک زکر برگ کو صر ف منگل کے روز 2 ارب 30 کروڑ ڈالر کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ارب پتی افراد کی دولت پر نظر رکھنے والے فوربز میگزین کے مطابق منگل کے روز مارک زکر برگ کے اثاثوں میں 2 ارب 30 کروڑ ڈالر کی کمی ہوئی جس کے بعد ان کے اثاثوں کی مالیت 68 اعشاریہ ایک ارب ڈالر رہ گئی ۔ مارک زکر برگ دنیا کے چھٹے امیر ترین آدمی ہیں اور منگل کو ہونے والے نقصان کے باعث ان کی چھٹی پوزیشن کو کوئی فرق نہیں پڑا ہے۔
منگل کے روز سب سے زیادہ خسارے میں رہنے والے افراد میں دوسرے نمبر پر دنیا کے امیر ترین شخص جیف بیزوس ہیں جنہیں ایک دن میں ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کے باعث ان کے اثاثوں کی مالیت 110 ارب 10 کروڑ ڈالر رہ گئی ہے۔
ایک روز کے دوران تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ نقصان لیری ایلیسن کو ہواہے ، انہیں ایک روز میں ایک ارب ڈالر کا خسارہ ہوا اور ان کے اثاثے 66 ارب 70 کروڑ ڈالر رہ گئے، وہ دنیا کے ساتویں امیر ترین آدمی اور اوریکل گروپ کے بانی ہیں۔ چین کے امیر ترین شخص اور علی بابا گروپ کے بانی جیک ما کو بھی ایک دن میں 47 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
منگل کے روز سب سے زیادہ منافع فرانسیسی ٹائیکون برنارڈ آرنالٹ نے کمایا ، ان کی دولت میں ایک روز میں 54 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا ، وہ دنیا کے تیسرے امیر ترین آدمی ہیں۔