کراچی(غلام مصطفے عزیز ) سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر آصف اکرام نے کہا ہے کہ کچرا ٹھکانے لگانے کے نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے، جی ٹی ایس کو جدید ماڈل پر تیار کرنے کیلئے کام کررہے ہیں، ای بی ایم کازوے سے جی ٹی ایس بند کردیا گیا ہے۔ یہ بات انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی جبکہ کاٹی کے صدر شیخ عمر ریحان ، کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے بلدیات زبیر چھایا، سینئر نائب صدر محمد اکرام راجپوت، نائب صدر سید واجد حسین، دانش خان، گلزار فیروز، سید فرخ مظہر ، احتشام الدین، ایس ایم یحیٰی اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ اس موقع پر کاٹی کے صدر شیخ عمر ریحان نے کہا کہ ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ(ایس ایس ڈبلیو ایم بی) کو کورنگی صنعتی علاقے کی معاشی اہمیت، پیدواری صلاحیت اور صنعتی فضلے سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے تو نہ صرف کچرا ٹھکانے لگانے پر حکومت کی لاگت کم ہوگی بلکہ اس سے صنعتوں کو بھی فائدہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کاٹی کی جانب سے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے لیے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہیں۔ انہوں نے ای بی ایم کازوے پر قائم جی ٹی ایس منتقل کرنے پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، چیف سیکریٹری ممتاز علی شاہ اور ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ میجمنٹ بورڈ کا شکریہ بھی ادا کیا۔ چیئرمین و سی ای او کائٹ اور کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے بلدیات کے چیئرمین زبیر چھایا نے کہا کہ ای بی ایم کازوے پر جی ٹی ایس کی منتقلی سے ہمارا دیرینہ مطالبہ پورا ہوجائے گا۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ اگر ایس ایس ڈبلیو بی آمادگی ظاہر کرے تو کاٹی کورنگی میں قائم صنعتوں کا ویسٹ جمع کرکے ڈمپنگ سائٹ تک پہنچا سکتی ہے۔ ایم ڈی ایس ایس ڈبلیو بی نے کہا کہ اگر کاٹی گاربیج کلیکشن کرنا چاہتی ہیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں اور ڈمپنگ کی اجازت بھی دی جائے گی۔ اس کی تفصیلات طے کرنے کے لیے اجلاس منعقد کرنے پر اتفاق رائے ہوا۔ قبل ازیں اپنے خطاب میں ایم ڈی ایس ایس ڈبلیو بی آصف اکرام نے کہا کہ جی ٹی ایس ہی میں کچرے کی پراسسنگ کا نظام لگایا جائے گا اور یہاں جمع ہونے والے کچرے کا 70فیصد جی ٹی ایس ہی میں پراسیس کردیا جائے گا، جس کے بعد باقی ماندہ کچرے کو ڈمپنگ سائٹ تک لے جانے کی لاگت بھی بہت کم ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ فل سائٹ میں لیچڈ کے زہریلے مادے کو پراسیس کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو لینڈ فل سائٹس میں 500 ایکڑ زمین ہے جس میں بہت گنجائش ہے، صرف منظم انداز میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ایم ڈی ایس ایس ڈبلیو ایم بی نے بتایا کہ آئندہ دو تین روز میں ای بی ایم کازوے پر قائم جی ٹی ایس کو بند کردیا جائے گا، ہم اس معاملے پر تحفظات کا ادراک رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچرے کی فرسٹ ہینڈ کلیکشن کے نظام کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے جس میں تمام بلدیاتی اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سالڈ ویسٹ سے متعلق منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لیے ہرممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔