ڈیرہ اسماعیل خان
{ اسدعباس }
ڈیرہ اسماعیل خان
کمشنر ڈیرہ جاوید خان مروت نے کہا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کو کبھی نہیں بھولیں گے، یوم عزم تعلیم کا مقصداتحاد، نظم اور اعتماد ہے، اپنی سوچ کو پاکستانی بنا کر ہی ہم اپنی منزل کو حاصل کرسکتے ہیں۔ شہید ہمیشہ زندہ رہتا ہے، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج، سیکورٹی ایجنسیز، پولیس اور سول سوسائٹی نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرمی پبلک سکول اینڈ کالج قلعہ اقبال گڑھ ڈیرہ اسماعیل خان میں 16دسمبر2014کے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی یاد میں ”یوم عزم تعلیم” کے حوالے سے منعقدہ پروقار تقریب میں بطور مہمان خصوصی کیا۔ تقریب میں سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر شمریز خان، ریجنل پولیس آفیسر فلائیٹ لفٹیننٹ (ر) سید امتیاز شاہ، آرمی پبلک سکول اینڈ کالج قلعہ اقبال گڑھ کے پرنسپل گروپ کیپٹن بشیر احمد چوہدری، پاک فوج کے افسران، ڈیرہ شہر کے تعلیمی اداروں کے طلباء اور مدارس کے طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر سکول کے طلباء نے تقاریر، عملی مظاہرہ، ٹیبلو، منظوم خراج عقیدت، عزم تعلیم، آگے بڑھتے رہنے کا عزم، دعا پیش کرکے اپنی صلاحیتوں کا خوبصورت مظاہرہ کیا جس کو حاضرین نے خوب سراہا اور بچوں کو انکی صلاحیوں پر داد دی۔ کمشنر ڈیرہ جاوید خان مروت نے کہا کہ سانحہ پشاور نے قوم کو متحد اور دشمن کیخلاف یکجا کیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اختلافات کو بھلا کر شہداء کے خون کو دیکھتے ہوئے پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے ایک ہوکر سوچنا ہوگا۔جہالت کے اندھیرے ہم سب ملکر مٹائینگے۔اس موقع پر سکول ہذا کے پرنسپل گروپ کیپٹن بشیر احمد چوہدری نے کہا کہ دہشتگردی کا مقابلہ تعلیم سے کرینگے، تعلیم کے بغیر قومیں ترقی نہیں کرتیں، سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے سیاہ دنوں کو بھلا کر تعلیم کے شعبے میں ترقی کرکے ملک کے مستقبل کو روشن بنائیں گے، یہ ہمارا عزم ہے۔ بعدازاں کمشنر ڈیرہ جاوید خان مروت، سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر شمریز خان، ریجنل پولیس آفیسر فلائیٹ لفٹیننٹ (ر) سید امتیاز شاہ اور پرنسپل اے پی ایس قلعہ اقبال گڑھ گروپ کیپٹن بشیر احمد چوہدری سمیت تعلیمی اداروں کے سربراہان اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور پھول رکھے۔