• Mon. Jul 7th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

سعودی ولی عہد نے وزیر اعظم عمران خان کو کیا دھمکی دی ؟ طیب اردگان نے پاکستانیوں کے ہوش اڑا دینے والا انکشاف کردیا

Dec 20, 2019

انقرہ (نمائندہ خصوصی) ترک صدر رجب طیب اردگان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے عمران خان کو پاکستانی مزدور واپس بھیج کر ان کی جگہ بنگالیوں کو بھرتی کرنے اور قرضے واپس لینے کی دھمکی دی تھی جس کے باعث وہ کوالا لمپور سمٹ میں شرکت نہیں کرپائے۔

ترک اخبار ’ڈیلی صباح ‘ کو جمعہ کے روز دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران ترک صدر نے کہا کہ انہیں خوشی ہوتی اگر پاکستان اور انڈونیشیا بھی کوالا لمپور سمٹ میں شرکت کرتے۔ انہوں نے کہا کہ جب سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی بات آتی ہے تو یہ پہلی بار نہیں ہوا کہ انہوں نے دوسرے ملکوں پر کسی کام کے کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے دباﺅ ڈالا ہے۔

ترک صدر نے کہا یہ بدقسمتی ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان پر دباﺅ ڈالا، یہ وعدے بیچ میں لائے گئے کہ ہم نے پاکستان کے سنٹرل بینک میں پیسہ رکھوایا، اس سے بھی بڑھ کر پاکستان کے 40 لاکھ لوگ سعودی عرب میں کام کر رہے ہیں، اور سعودی عرب نے دھمکی دی کہ وہ ان تمام لوگوں کو اپنے ملک سے نکال کر واپس پاکستان بھیج دے گا اور ان کی جگہ بنگالیوں کو بھرتی کرلے گا۔

ترک صدر نے کہا کہ سعودی عرب نے یہی معاملہ پاکستان کے سنٹرل بینک کے حوالے سے بھی کیا اور دھمکی دی کہ وہ اپنے پیسے واپس نکال لیں گے ۔ اس وقت پاکستان شدید مالی مشکلات کا شکار ہے اس لیے اس کی مجبوری ہے کہ وہ اس طرح کی دھمکیوں میں آجائے ، یہی معاملہ انڈونیشیا کے ساتھ بھی ہوا ہے۔

خیال رہے کہ ملائیشیا میں ہونے والے کوالا لمپور سمٹ میں وزیر اعظم عمران خان نے شرکت کرنا تھی لیکن وزیر اعظم کے ہنگامی دورہ سعودی عرب کے بعد پاکستان نے سمٹ میں شرکت سے معذرت کرلی تھی۔ پاکستان کے شرکت نہ کرنے کے بعد یہ باتیں سامنے آئی تھیں کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے عمران خان پر دباﺅ ڈال کر فیصلہ تبدیل کرایا ہے ، ان خبروں کی حکومتی سطح پر تو کوئی تصدیق نہیں کی گئی تھی لیکن اب ترک صدر کے بیان نے ساری صورتحال واضح کردی ہے۔