کراچی(غلام مصطفے عزیز) پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن جمعہ کوکھیل ختم ہونے تک سری لنکا کی پہلی اننگ میں 80 رنز کی برتری کے جواب میں پاکستان نے اپنی دوسری اننگ میں کسی نقصان کے بغیر 57 رن بنالئے جبکہ اسے ابھی سری لنکا کی برتری ختم کرنے کے لئے مزید 23 رنز درکار ہیں۔شان مسعود 21 اور عابد علی 31رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔قبل ازیں سری لنکا اپنی پہلی اننگ میں271رن بناکرآئوٹ ہوگئی ۔لنکن ٹیم نے اپنی پہلی نامکمل اننگ کا آغاز انتہائی محتاط انداز میں کیااوراسے کھیل کے پہلے سیشن میں مزید تین وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔ اس موقع پر دینش چندیمول نے پراعتماد اننگ کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔دینش چندیمول نے اپنی ٹیم کے مجموعی اسکور کو بہتر بناتے ہوئے ذاتی طور پر 74 رن کا اضافہ کیا جس سے لنکن ٹیم کی پوزیشن میچ میں مستحکم ہوگئی۔ دینش چندیمول نے 10چوکوں کی مدد سے 143 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 74 رنز بنائے اور وہ حارث سہیل کی بال پر شام مسعود کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ایم ڈی کے فریرہ نے بھی 94بالز پر 48 رن کی اچھی اننگ کھیلی جس میں ایک چھکا اور 6 چوکے شامل تھے۔سری لنکا کے بیٹسمین لاسیتھ ایمبول ڈنیا مجموعی اسکور78 رنز پر آئوٹ ہوئے جبکہ میتھوس بھی 80 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ لاسیتھ ایمبول ڈنیا 34 بالز پر 13 رنز بناکر محمد عباس کی بال پراسد شفیق کے ہاتھوں سلپ میں کیچ آئوٹ ہوئے جبکہ میتھوس کو شاہین شاہ آفریدی نے وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کروایا۔ انہوں نے بھی 44 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 13 رنز بنائے۔ دھنن جیا ڈی سیلوا اور دینش چندیمول کے درمیان چھٹی ولٹ کی پارٹنرشپ میں 67 رنز کی پارٹنرشپ ہوئی جب مجمعوعی اسکور 147 پر پہنچا تو شاہین شاہ آفریدی نے دھنن جیا ڈی سیلوا کو آئوٹ کر کے پاکستان کو چھٹی کامیابی دلوادی۔ دھنن جیا ڈی سیلوانے 56 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 32 رن بنائے۔ پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی نے 26.5 اوورز میں 77رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عباس نے 27 اوورز میں 55 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔حارث سہیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ قومی ٹیم نے 3 نوبال،6 وائڈ بال، 10 لیگ بائیز اور 4 بائیز سمیت 23 رنز اضافی دئیے