• Wed. Jul 2nd, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

کراچی ٹیسٹ، تیسرے دن کا کھیل، پاکستان نے 2 وکٹ کے نقصان کے بغیر395 رن بنالئے، سبقت 315 رنزہوگئی

Dec 22, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز )۔پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن ہفتہ کو کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 2 وکٹ کے نقصان کے 395 رنز بنالئے، اس طرح پاکستان کو سری لنکن ٹیم پر 315 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے، شان مسعود اور عابد علی نے اپنی اپنی سنچریاں مکمل کرلیں۔نیشل اسٹیڈیم کراچی میں جاری ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے اپنی نامکمل اننگ کا آغاز پراعتماد انداز میں کیا اور تیسرے دن پہلے سیشن کے پہلے گھنٹے میں 26 اوورز میں 108رنز بنائے۔ اس وقت شان مسعود 45 اور عابد علی 59 رنز پر بیٹنگ کررہے تھے۔عابد علی نے 23ویں اوور میں 72بالز کا سامنا کرتے ہوئے اپنی نصف سینچری مکمل کی جبکہ شان مسعود نے کھانے کے وقفے سے کچھ دیر قبل 30ویں اوور میں 91بالز کھیلتے ہوئے 50 رنز مکمل کئے۔ کھیل کے 30.3 اوور میں سری لنکا کے بالر کمارا نے بال کرنے کے بعد بیٹنگ اینڈ پر کھڑے ہوئے بیٹسمین عابد علی کے نزدیک آکر کچھ الفاظ ادا کئے جس پر امپائر نے کمارا کو تنبیہ کی۔ کھانے کے وقفے پر عابد علی نے 124 بالز کاسامنا کرتے ہوئے 93 رن اور شان مسعود نے 116بالز کھیلتے ہوئے 79رن بنائے تھے۔کھانے کے وقفے کے بعد عابد علی نے دلکش اسٹروکس کے ساتھ اپنی نامکمل اننگ کا آغاز کیا اور 43.4 اوورز میں لاسیتھ ایمبول ڈینایا کی بال پر دو رنز حاصل کرکے اپنی سینچری مکمل کی۔ انہوں نے اپنی سینچری میں 139بالز کا سامنا کیا۔عابد علی پہلے پاکستان بیٹسمین ہیں جنہوں نے اپنے ابتدائی دو ٹیسٹ میچ میں سینچری اسکور کی ہے جبکہ انہوں نے اپنے پہلے بین الاقوامی ایک روزہ میچ میں بھی سینچری بنائی تھی۔بھارت کے سابق کپتان محمد اظہر الدین کو اپنے پہلے تین ٹیسٹ میچز میں سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل ہے، ان کے علاوہ بل پونسفورڈ نے1924،ڈگ والٹرز نے1965،سابق ویسٹ انڈین کپتان ایلون کالی چرن نے1972،سابق کینگرو اوپنر گریگ بلیوٹ نے1995،سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی نے1996،روہت شرما نے2013اور جمی نیشم نے2014میں اپنے کیریئر کے پہلے دونوں ٹیسٹ میچز میں سنچریاں اسکور کرنے کا اعزاز اپنے نام کررکھا ہے ۔قومی ٹیم کے بلے باز شان مسعود نے 49.1 اوور میں 149 بالز کا سامنا کرتے ہوئے ڈی سلوا کی بال پر اپنے کیرئیر کی دوسری سینچری مکمل کی۔شان مسعود اور عابد علی کے درمیان 411 بالز پر278رنز کی ریکارڈ اوپننگ پارٹنرشپ بنی ۔ نیشنل اسٹیڈیم میں پہلی مرتبہ یہ ریکارڈ پارٹنرشپ قائم ہوئی ہے۔ جب مجموعی اسکور 278 رنز پر پہنچا تو شان مسعود اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کمارا کی بال پر فرنینڈو کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ انہوں نے اپنی اننگ میں 3چھکے اور 7 چوکے لگائے۔ جس کے بعد کپتان اظہر علی کھیلنے کے لئے آئے ۔355رنز کے مجموعی اسکور پر عابد علی کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی اپیل ہوئی جس پر امپائر نے انگلی اٹھاتے ہوئے آئوٹ کا اشارہ کیا لیکن عابد علی ریویو لینا مناسب سمجھا تاہم ٹی وی امپائر نے بھی انہیں آئوٹ قرار دیا۔بلآخر 90.1 اوور میں عابد علی 291 بالز کا سامنا کرنے کے بعد انفرادی اسکور 174 رن پر کمارا کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ انہوں نے اپنی اننگ میں ایک چھکا اور 21 چوکے لگائے۔ عابدعلی اور اظہر علی کے درمیان دوسری وکٹ کی شراکت میں 77 رنز کا اضافہ ہوا۔ عابد علی کے آئوٹ ہونے کے بعد بابر اعظم نے اپنی اننگ کا آغاز کیا۔اظہرعلی اور بابر اعظم نے انفرادی طور پر کھیل کے اختتام تک قومی ٹیم کا اسکور395 رنز تک پہنچایا۔ اظہر علی 103بالز کھیل کر57 رن اور بابر اعظم نے 42 بالز کھیل کر 22رنز بنائے ہیں۔سری لنکا کے بالر لاھیرو کمارا نے 22 اوور میں 88 رن دے کر 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ باقی مانندہ لنکن بالرز کوئی خاطرخواہ کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہے۔واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم پہلی اننگزمیں ناکامی سے دوچارہوئی تھی اورپوری ٹیم 191 رنزپرڈھیر ہو گئی تھی جبکہ سری لنکا نے پہلی اننگز میں 271 رنز بناکر پاکستان کے خلاف 80 رنز کی برتری حاصل کرلی تھی۔ پاکستان کی ٹیم میں شان مسعود،عابد علی، کپتان اظہر علی،بابراعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، وکٹ کیپر محمد رضوان،یاسرشاہ، محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ شامل ہیں۔ اسی طرح سری لنکاکی ٹیم کپتان ڈیموتھ کرونارتنے، اوشادہ فرنینڈو، کوثل مینڈس، این جیلومیتھیوز،دینش چندیمول، وکٹ کیپر نیروشن ڈیک ویلا، دھنن جیا ڈی سیلوا، دیلرون پریرا، ویشوا فرنینڈو،لاسیتھ ایمبول ڈینایا اور لاھیرو کمارا پر مشتمل ہے۔