• Fri. Jul 4th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

جھوٹ بولنے پر معاف کیاجائے،سرکاری ٹی وی کی کئی اینکرز نے استعفیٰ دے دیا

Jan 15, 2020

تہران(نمائندہ خصوصی)ایران کی جانب سے یوکرائنی طیارہ مار گرائے جانے پرحکومت مخالف احتجاج میں شدت آنے لگی ہے۔ایران کے عوام کے ساتھ اب سرکاری ملازمین خصوصا ٹی وی اینکرز بھی حکومتی اقدامات کے خلاف آواز اٹھا رہی ہیں اور حکومتی ٹی وی سے وابستہ کئی خواتین نے استعفیٰ دے دیا ہے۔

گارڈین اور واشنگٹن پوسٹس کے مطابق گزشتہ روز ایران کے سرکاری ٹی وی پر کام کرنے والی گلارہ جباری نے انسٹاگرام اکاونٹ پر اپنے مستعفی ہونے کا اعلان کیا اور لکھا کہ مجھے 13سال سے ٹی وی پر جھوٹ بولنے پر معاف کردیا جائے، میرے لئے یقین کرنا مشکل ہے کہ میرے اپنے لوگ مارے جارہے ہیں۔بعد میں انہوں نے یہ پوسٹ ڈیلیٹ کردی۔

ان سے قبل اس کے علاوہ خاتون اینکرز صباراد اور زہرہ بھی اپنے استعفوں کا اعلان کر چکی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق خاتون اینکرز کے علاوہ سرکاری ٹی وی چینل کے صحافیوں اور ملازمین نے بھی عوام سے معافی مانگی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثے سے متعلق انہوں نے ٹی وی پر وہی کچھ رپورٹ کیا جو حکام نے انہیں بتایا۔

واضح رہے کہ ایران نے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینے کیلئے عراق میں موجود امریکی اڈے پر میزائلوں سے حملہ کیا تھااسی دوران ایک یوکرائنی طیارہ بھی ایک میزائل حملے کا نشانہ بناجسے ایرانی حکومت نے ایک بھیانک غلطی قرار دیا ہے۔ تہران سے یوکرین کے دارالحکومت کیف جا نے والے اس طیارے پر 176مسافرسوار تھے جن کا تعلق کینیڈا،ایران، سوئیڈن اور یوکرائن سے تھا۔