ڈربن (نمائندہ خصوصی) جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا ہے جس کے باعث پروٹیز کی سیریز میں 0-1 کی برتری برقرار ہے۔
تفصیلات کے مطابق کنگز میڈ کرکٹ سٹیڈیم ڈربن میں کھیلے گئے میچ میں انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر پروٹیز کیخلاف باﺅلنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو چند اوورز کے کھیل کے بعد ہی بارش شروع ہو گئی جس کے باعث میچ روک دیا گیا اور پھر 45 اوورز تک محدود کیا گیا تاہم اس کے بعد بھی مجموعی طور پر صرف 11.2 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہو سکا جس دوران جنوبی افریقہ کی ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 71 رنز بنائے۔ کپتان کوینٹن ڈی کوک نے 11، ریزہ ہینڈرکس نے 35 اور ٹیمبا باووما نے 21 رنز کی اننگز کھیلی۔
انگلینڈ کی جانب سے کرس جورڈن سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 0.2 اوورز میں کوئی سکور دئیے بغیر ہی ایک کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ جو روٹ نے 1 اوور میں 4 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔
جنوبی افریقہ نے پہلے ون ڈے میچ میں عمدہ کارکردگی کے ذریعے انگلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی تھی جو اب برقرار رہے گی جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور فیصلہ کن ون ڈے انٹرنیشنل 9 فروری کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقی سکواڈ کی قیادت کوینٹن ڈی کوک کر رہے تھے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ریزہ ہینڈرکس، ٹیمبا باووما، ریسی وینڈرڈوسن، جے جے سمٹس، ڈیوڈ ملر، اینڈل فیلوک وائیو، بیورن ہینڈرکس، لوتھو سیپامالا، تبریز شمسی اور بیورن فارچون شامل تھے۔
انگلش ٹیم کی قیادت این مورگن کر رہے تھے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جیسن روئے، جونی بیرسٹو، جو روٹ، جو ڈینلی، ٹام بینٹن، سیم کیورن، کرس ووکس، ٹام کیون، کرس جورڈن اور میتھیو پارکنسن شامل تھے۔