ڈائریکٹر پبلک ریلشنزخیبر پختونخواپولیس
پشاور 24 فروری 2020 ٹیلی فون نمبر:9213688
(پریس ریلیز)
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی دونوں ملکوں کے عوام کو قریب لانے کا باعث بنی ہے اور یہی وجہ ہے پاکستانی چینی عوام کو دل کی گہرائیوں سے چاہتے ہیں انہیں یقین ہے کہ یہ دوستی مستقبل میں مزید پھلے پھولے گی اور چین پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو کے دورے کے موقع پر کیا۔آئی جی پولیس نے ونڈو میں قائم مختلف گیلریاں دیکھیں اور ان میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ثناءاللہ عباسی سے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفت گو میں ان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے چین ایک مشکل دور سے گذر رہا ہے لیکن انہیں یقین ہے کہ بہت جلد صورت حال بہتر ہو جائے گی اور چینی عوام اپنی معمول کی زندگی کی جانب لوٹ آئیں گے۔ ثناءاللہ عباسی نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام اپنے چینی بہنوں اوربھائیوں کے ساتھ ہیں اور ان کی صحتیابی کے لئے دعاگو ہیں۔ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے چائنہ ونڈو کے قیام کو پشاور کے شہریوں کے لئے ایک بہترین مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے جہاں پشاور کے شہریوں کو چین کے بارے میں معلومات حاصل ہونگی وہیں انہیں توقع ہے کہ پاکستان کے سیاحتی علاقوں سے متعلق جاننے کا موقع بھی ملے گا۔ایک سوال کے جواب میں آئی جی پولیس کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک کا منصوبہ پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی میں سنگ میل ثابت ہو گا اور خیبر پختون خوا میں سی پیک کے تحت میگا پراجیکٹس کی وجہ سے معاشی سرگرمیاں شروع ہو جائیں گی۔ خیبر پختون خوا پولیس چین سمیت تمام غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سیکورٹی فراہم کرے گی۔قبل ازیں آئی جی پولیس کو بتایا گیا کہ چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو چینی سفارت خانے کے تعاون سے قائم کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو اپنے برادر ہمسایہ ملک کے بارے میں جاننے کا موقع ملے۔