واشنگٹن(نمائندہ خصوصی)امریکی وزیردفاع مارک ایسپر نے کہا ہے کہ نوول کرونا وائرس وبائی مرض کے پھیلا کے خدشات کے پیش نظر امریکہ اور جمہوریا کوریا اپنی مشترکہ فوجی مشقیں ملتوی کرنے پر غور کررہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ بات ایسپر نے واشنگٹن کے دورے پرآئے ہوئے جمہوریہ کوریا کے وزیر دفاع جیونگ کیونگ ڈو کے ساتھ پینٹاگون میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہی۔اس موقع پر پینٹاگون کے سربراہ نے کہا کہ دونوں فریق کرونا وائرس سے متعلق خدشات کے پیش نظر کمانڈ پوسٹ تربیت ملتوی کرنا چاہتے ہیں۔ایسپر کے بیان کی تائید کرتے ہوئے جیونگ نے کہا کہ مشترکہ مشقیں ختم کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔یاد رہے کہ جمہوریا کوریا میں آج کرونا وائرس کے 60 نئے مصدقہ کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ملک میں وائرس کے مجموعی مریضوں کی تعداد 893ہوگی ہے، ملک میں 4 سطحوں پر مشتمل وائرس الرٹ کو اتوار کے روز انتہائی سطح کی سرخ سطح تک بڑھا دیا گیا ہے۔