کراچی (نمائندہ خصوصی)صرافہ بازار میں ایک مرتبہ پھر سے سونے کی قیمت میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آ یا ہے جبکہ عالمی منڈی میں بھی سونا مہنگا ہو گیاہے تاہم یہاں ایک خوشخبری یہ بھی ہے کہ سٹاک مارکیٹ میں آج پورا دن تیزی دیکھنے میں آئی ہے جس کے باعث کاروبار ی افراد کے وارے نیارے ہو گئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 700 روپے اضافہ ہو گیاہے جس کے بعد سونا 92 ہزار 300 روپے پر فروخت ہو رہاہے جبکہ عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں 20 ڈالر اضافہ ہو گیاہے جس کے باعث سونے کی عالمی منڈی میں فی اونس قیمت 1605 ڈالر پر جاپہنچی ہے ۔
دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز ہوا تو انڈیکس 37 ہزار 983 کی سطح پر تھا تاہم کچھ ہی دیر کے بعد اس میں تیزی شروع ہوئی جو کہ اب تک جاری ہے ، 100 انڈیکس 38 ہزار کے بعد اب 39 ہزار کی نفسیاتی حد بھی عبور کر گیا ہے ، 100ا نڈیکس میں 1378 پوائنٹس اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے بعد انڈیکس 39 ہزار 362 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیاہے ۔
آج کل ملک میں مہنگائی کا طوفان جاری ہے جس نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے جبکہ ڈالر کی قیمت میں اضافے کا اثر بھی براہ راست عوام پر جاتا ہے ۔صبح کاروبار کا آغاز ہوا تو انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں اچانک سے اضافہ دیکھنے میں آیا، ڈالر کی قدر 7 پیسے بڑھ گئی جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر 154 روپے 31 پیسے پر ٹریڈ کر رہاہے ۔