• Fri. Jul 4th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

دنیا بھرکے30کروڑ بچوں کو سکول جانے سے کیوں روک دیا گیا؟

Mar 5, 2020

بیجنگ(نمائندہ خصوصی)کرونا وائرس نے جہاں دنیا بھر میں تین ہزار سے زائد قیمتیں جانیں نگلی ہیں وہیں اس کی وجہ سے کاروبار، تعلیم اور صحت سمیت متعدد شعبہ ہائے زندگی بری طرح متاثرہوئے ہیں۔ بین الاقومی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق چین سے پھیلنے والے اس وائرس کی وجہ سے اب تک 95 ہزار افراد متاثر جبکہ 3200 فوت ہوئے ہیں جبکہ اس مرض کو مزید پھیلنے سے روکنے کیلئے دنیا کے13ممالک میں سکولز بند ہوچکے ہیں۔انڈی پینڈنٹ اردو کے مطابق سکولوں کی بندش کی وجہ سے دنیا بھر میں تقریبا تیس کروڑ بچے تعلیم حاصل کرنے سے محروم کردیئے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سکولوں کی بندش کا تازہ ترین قدم یورپ کے سب سے زیادہ متاثرہ ملک اٹلی میں اٹھایاگیا، جہاں حکومت نے 10 روز کیلئے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔یاد رہے کرونا وائرس کی وجہ سے چین کے بعد سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی میں ہوئیں، جہاں تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 107 اطالوی شہری اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ وائرس 80 سے زیادہ ممالک تک پہنچ چکا ہے جن میں اٹلی، جنوبی کوریا اور چین سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ دنیا بھر میں 95 ہزار افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 3200 سے تجاوز کر چکی ہے۔چین میں، جہاں سے اس وبا کا آغاز ہوا تھا، تمام سکول تاحال غیرمعینہ مدت کے لیے بند ہیں اور جیسے جیسے یہ وائرس دنیا کے دیگر ممالک تک پہنچتا گیا وہاں وہاں دیگر عوامل کے علاوہ تعلیم پر بھی اس کے منفی اثرات پڑے ہیں۔

اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو نے بدھ کو کہا کہ دنیا بھر میں 13 ممالک میں سکول بند ہو چکے ہیں جس سے ساڑھے 29 کروڑ بچوں کی تعلیم متاثر ہوئی۔یونیسکو کے مطابق نو ملکوں کی مقامی حکومتیں بھی جزوی طور پر سکولوں کی بندش کر رہی ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان کے صوبے سندھ میں 13 مارچ جبکہ بلوچستان میں 15 مارچ تک سکول بند رہیں گے۔ پاکستان میں اب تک پانچ افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، جن میں سے دو کا تعلق کراچی سے ہے۔

اٹلی میں 15 مارچ،جنوبی کوریامیں 23 مارچ ،جاپان نے اپریل کے آغاز تک سکول بند کررکھے ہیں جبکہ فرانس میں بھی اس ہفتے متاثرہ علاقوں میں واقع لگ بھگ 120 سکول بند ہیں۔