• Fri. Jul 4th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

سعودی شہری بھی اب عمرہ نہیں کرسکیں گے،نئے احکامات جاری

Mar 5, 2020

ریاض(نمائندہ خصوصی)سعودی حکومت نے اپنے شہریوں کی عمرہ ادائیگی پربھی پابندی عائد کردی۔اس سے قبل سعودی حکومت نے دنیا کے دیگرممالک سے عمرہ کیلئے آنے والوں پر پابندی عائد کی تھی۔سعودی عمرہ زائرین اب مدینہ منورہ میں موجود مسجدنبوی ﷺ بھی نہیں جاسکیں گے۔یہ پابندی سعودی عرب میں کرونا وائرس کو پھیلاو سے روکنے کیلئے حفظ ماتقدم کے طور پر لگائی ہے۔

مڈل ایسٹ آئی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے)کے مطابق مملکت اس فیصلے پر روزانہ کی بنیادوں پر نظر ثانی کرے گی اور جیسے ہی صورتحال بہتر ہوگی فیصلہ واپس لے لیا جائے گا۔ایجنسی نے وزارت داخلہ کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ اقدام کرونا وائرس کو مانیٹر کرنے کیلئے بنائی گئی خصوصی کمیٹی کی سفارشات پر اٹھایا گیاہے۔

یاد رہے گزشتہ دنوں سعودی عرب نے دنیا بھر سے آنے والے عمرہ زائرین اورسیاحوں کو کے مملکت میں داخلے پرپابندی عائد کردی تھی۔ سعودی دارالحکومت ریاض میں کرونا وائرس کا پہلا کیس پیر کو رجسٹرڈ کیا گیا ہے جس کے بعد سعودی حکومت زیادہ متحرک ہوگئی ہے۔حکام کے مطابق یہ شخص کچھ عرصہ قبل ایران سے آیا تھا۔

سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ وہ اس حوالے سے ہر ممکن اقدام اٹھارہاہے اور اس ضمن میں پچیس ہسپتالوں کو صرف کرونا کے علاج کیلئے مختص کیاگیاہے۔یاد رہے کہ سعودی عرب میں ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں لوگ عمرہ اور حج کی ادائیگی کیلئے آتے ہیں۔