پشاور (نمائندہ خصوصی) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے صحت تیمور خان جھگڑا نے کرونا وائرس کی وجہ سے ایک اور ہلاکت کی تصدیق کردی۔
وزیر صحت خیبر پختونخوا تیمور خان جھگڑا نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کرونا وائرس کی وجہ سے دوسری ہلاکت کی اطلاع دی۔ انہوں نے لکھا افسوس کے ساتھ یہ بتانا پڑ رہا ہے کہ کرونا وائرس کا ایک اور مریض چل بسا ہے۔ جاں بحق شخص کی عمر 36 سال اور اس کا تعلق ہنگو سے تھا اور وہ پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں داخل تھا۔
دوسری جانب ترجمان لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا کہنا ہے کہ 36 سالہ شخص کا نام عبدالفتح تھا اور وہ دبئی سے آیا تھا، اس کے کرونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا تھا۔عبدالفتح کو منگل اور بدھ کی درمیانی شب تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کرونا وائرس کی وجہ سے پہلی ہلاکت بھی خیبر پختونخوا میں ہی ہوئی ہے جہاں مردان سے تعلق رکھنے والا 50 سالہ سعودیہ پلٹ شخص کرونا وائرس کی وجہ سے جان کی بازی ہارا ہے۔