جنیوا (نمائندہ خصوصی) ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس گرم علاقوں میں بھی منتقل ہوسکتا ہے، کووِڈ 19 وائرس سردی یا برفباری کی وجہ سے بھی ختم نہیں ہوسکتا۔
ڈبلیو ایچ او کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کرونا وائرس گرم اور مرطوب علاقوں میں بھی پھیل سکتا ہے، اب تک کے شواہد سے پتا چلتا ہے کہ کرونا وائرس سب علاقوں میں پھیل سکتا ہے جس میں گرم اور مرطوب موسم والے علاقے بھی شامل ہیں۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق موسم کے بھروسے پر نہ رہیں اور اگر آپ کرونا وائرس سے متاثرہ ماحول میں رہ رہے ہیں یا ایسے علاقے کا سفر کر رہے ہیں تو حفاظتی تدابیر اختیار کریں ۔ خود کو کرونا وائرس سے محفوظ رکھنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ اپنے ہاتھوں کو صاف رکھا جائے اور ان تمام وائرسز کا خاتمہ کردیا جائے جو آپ کے منہ ، آنکھوں یا ناک کے ذریعے آپ کے جسم میں داخل ہوسکتے ہیں۔
ڈبلیو ایچ او کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سرد موسم یا برفباری کے باعث بھی کرونا وائرس یا دوسری بیماریوں کا خاتمہ نہیں ہوتا۔ موسم یا بیرونی درجہ حرارت سے متاثر ہوئے بغیر انسانی جسم کا نارمل درجہ حرارت 36.5 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ ہوتا ہے، اس لیے خود کو محفوظ رکھنے کا بہترین طریقہ اپنے ہاتھوں کو صابن سے اچھی طرح دھونا ہے۔