• Sat. Jul 5th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

اٹلی میں ایک ہی روز میں 627 افراد ہلاک ، دنیا میں کرونا متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 55 ہزار سے متجاوز ، اموات 10 ہزار 400 ہوگئیں

Mar 21, 2020

روم (نمائندہ خصوصی) اٹلی میں ایک ہی روز میں کرونا وائرس کی وجہ سے 627 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جس کے بعد یورپ میں ہلاکتوں کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ خیال رہے کہ ڈبلیو ایچ او کی جانب سے یورپ کو کرونا وائرس کا نیا مرکز قرار دیا گیا ہے۔

الجزیرہ ٹی وی کے مطابق جمعہ کے روز اٹلی میں کووِڈ 19 کی وجہ سے 627 ہلاکتیں ہوئی ہیں جو وبا پھیلنے کے بعد سے ایک ہی دن میں ہونے والی سب سے زیادہ اموات ہیں، جمعہ کی ہلاکتوں کے بعد اٹلی میں کرونا وائرس کی وجہ سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 4 ہزار 32 ہوگئی ہے۔ خیال رہے کہ جمعرات کو اٹلی نے کرونا وائرس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد کے معاملے میں چین کو پیچھے چھوڑا تھا۔

اٹلی میں کرونا وائرس کے کیسز میں 24 گھنٹوں کے دوران 14 اعشاریہ 6 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 41 ہزار 35 سے بڑھ کر 47 ہزار 21 ہوگئی ہے۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس کی وجہ سے 2 لاکھ 9 ہزار لوگ متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 8 ہزار 700 افراد کی اموات واقع ہوئی ہیں۔

دوسری جانب امریکہ کی جوہن ہوپکنز یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 55 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ اموات کی تعداد 10 ہزار 400 ہوگئی ہے۔ یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں اب تک کرونا وائرس کے 86 ہزار مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

فرانس میں جمعہ کے روز کرونا وائرس کی وجہ سے 78 اموات ہوئی ہیں جس کی وجہ سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 450 ہوگئی ہے۔ فرانس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے کیسز میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے اور یہ تعداد 10 ہزار 995 سے بڑھ کر 12 ہزار 612 ہوگئی ہے۔

نیدر لینڈ میں بھی کرونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ، وہاں 534 نئے کیسز رجسٹرڈ ہوئے ہیں جس کے بعد کرونا متاثرین کی مجموعی تعداد 2 ہزار 994 ہوگئی ہے، نیدر لینڈ میں کرونا وائرس کی وجہ سے 30 افراد کی ہلاکتیں ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 106 ہوگئی ہے۔

یورپی ملک سپین میں بھی کرونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جہاں اس سے متاثرہ افراد کی تعداد 20 ہزار 412 ہوگئی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار 44 ہوچکی ہے۔ہسپانوی حکام کا کہنا ہے کہ دارالحکومت میڈرڈ کی 80 فیصد آبادی کرونا وائرس سے متاثر ہوسکتی ہے۔

بیلجیئم میں کرونا وائرس کے 462 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 2 ہزار 257 ہوگئی ہے، یہاں جمعہ کے روز 16 افراد کی اموات ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد 37 ہوگئی ہے۔

ایران میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے ایک ہزار 237 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 19 ہزار 644 ہوگئی ہے، ایران میں کرونا وائرس کی وجہ سے 149 متاثرین ہلاک ہوئے ہیں جس کی وجہ سے ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد ایک ہزار 433 ہوگئی ہے۔

جرمنی میں راتوں رات کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں 2 ہزار 958 کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 13 ہزار 957 ہوگئی ہے۔ جرمنی میں 11 نئی ہلاکتوں کے ساتھ کرونا وائرس کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد 31 ہوگئی ہے۔