اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)کورونا وائرس کا خوف اس وقت پوری دنیا میں پھیل چکا ہے جبکہ اس وباءنے پاکستان میں بھی قمتی جانوں کو نگلنا شروع کر دیاہے ، کورونا وائرس کے باعث جان کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 5 پر جا پہنچی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 799 پر جا پہنچی ہے جبکہ پانچ افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جن میں سے تین کا تعلق خیبر پختون خواہ، ایک سندھ اور ایک کا بلوچستان سے ہے ۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 23 نئے کیسز سامنے آ ئے ہیں جبکہ دو مزید افراد کی اموات واقع ہوئی ہیں۔
پنجاب میں کورونا کے 225 کیسز، سندھ میں 352 ، اسلام آباد میں 15 ، خیبرپختون خواہ میں 31 ، بلوچستان میں 104 ، آزاد کشمیر میں ایک اور گلگت بلتستان میں ایک کیس سامنے آیاہے ۔
یہاں پر یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ کورونا وائرس سے اب تک ملک میں 6 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں جنہیں ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیاہے ۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت نے 352 کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں مکمل لاک ڈاﺅن کر دیاہے اور اس دوران صرف میڈیکل ، کریانہ ، بیکریاں اور سبزیوں کی دکانوں کو کھلا رکھنے کی اجازت ہے ۔
سندھ میں لاک ڈاﺅن کے دوران وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے عوام سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی ہے اور باہر آنے سے منع کیاہے یعنی کہ کسی بہت ہی ضروری کام سے جانا پڑے تو گھر سے باہر نکلیں ۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں کورونا وائرس کے پھیلتے ہوئے شدیدخدشے کے باعث پاک فوج کو طلب کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیاہے ۔