اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)کورونا وائرس کے معاشی اثرات کے باعث پٹرولیم مصنوعات،بجلی اور گیس ٹیرف پر ریلیف ملنے کا امکان ہے ۔
نجی ٹی وی ہم نیوز نے ذرائع کے حوالے سے کہاہے کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات، بجلی اور گیس ٹیرف پر عوام کو ریلیف دے گی،وزیراعظم کو آج اعلیٰ سطح اجلاس میں ریلیف کے طریقہ کار پر بریفنگ دی جائے گی،پٹرولیم اور پاور ڈویژن کے وزرااور اعلیٰ افسران اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لائف لائن صارفین کو زیادہ ریلیف ملنے کا امکان ہے،اس کے علاوہ گھریلو،تجارتی اورصنعتی شعبوں کےلئے ریلیف کی مختلف تجاویزتیارکی گئی ہیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کی تجاویز وزیراعظم کے سامنے رکھی جائیں گی،تمام تر تجاویز کو آج کے اجلاس میں حتمی شکل دی جائے گی،معاشی ٹیم بھی وزیر اعظم کو ممکنہ اقتصادی ریلیف پر بریفنگ دے گی۔