• Thu. Jul 3rd, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

”نسیم شاہ کے باﺅلنگ ایکشن میں بہت بڑا مسئلہ ہے اور۔۔۔“ قومی ٹیم کے سابق کپتان نے تشویشناک دعویٰ کر دیا

Mar 25, 2020

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق اوپننگ بلے باز عامر سہیل نے کہا ہے کہ نوجوان فاسٹ باﺅلر نسیم شاہ کے باﺅلنگ ایکشن میں بہت بڑی غلطی ہے اور اسے جلد از جلد دور کرنا بھی بہت ضروری ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو میں عامر سہیل نے کہا کہ ”میں نسیم شاہ کے بارے میں بہت پریشان ہوں کیونکہ اسے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوران مشکلات میں دیکھا ہے، میں پہلے بھی اس حوالے سے متنبہ کر چکا ہوں اور ایک مرتبہ پھر کہتا ہوں کہ اس کے باﺅلنگ ایکشن میں بہت مسئلہ ہے جس کے باعث اس کے پورے جسم پر بہت زیادہ دباﺅ پڑتا ہے اور اسے جلد از جلد صحیح کرنا بہت ضروری ہے۔“

اس موقع پر انہوں نے فاسٹ باﺅلر محمد حسنین سے متعلق بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا ”محمد حسنین دوسرے فاسٹ باﺅلر ہیں جن کی فارم کے حوالے سے مجھے تشویش ہے۔ وہ تقریباً ایک سال تک پاکستان کرکٹ ٹیم کا حصہ رہے لیکن ان کی باﺅلنگ کا معیار بہتر ہونے کے بجائے نیچے گیا ہے اور ایمانداری سے بات کروں تو اب یہ بدتر سے بدترین کی جانب گامزن ہو سکتی ہے۔“

ان کا کہنا تھا ”محمد نسیم اور حسنین کی رفتار سے ہی مطمئن ہونا کافی نہیں بلکہ انہیں بہترین باﺅلرز بننے کی ضرورت ہے جو مستقل مزاجی سے کارکردگی دکھائیں۔ میری نظر میں دونوں باﺅلرز میں ’ڈلیوری سٹرائیڈز‘ کے مسائل ہیں جنہیں حل نہ کئے جانے تک ان کی کارکردگی میں بھی بہتری نہیں آئے گی۔