• Wed. Jul 2nd, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

انٹر بینک میں صبح سویرے ڈالر کی قیمت میں واضح کمی ہو گئی

Apr 22, 2020

کراچی (نمائندہ خصوصی)کورونا وائرس نے اس وقت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھاہے جس کے باعث بڑی بڑی معیشتیں بھی مشکلات میں پھنس گئی ہیں اور پاکستان کی حالت بھی یکسر مختلف نہیں ہے تاہم ایسی صورتحال میں یہ ایک اچھی خبر ہے کہ ڈالر کی قیمت میں کمی ہو رہی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق انٹربینک میں کاروبار کے آغاز پر ڈالر کی قیمت میں ایک روپیہ 13 پیسے کمی دیکھنے میں آئی ہے جس کے بعد ڈالر 160 آ گیاہے ۔تاہم دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں کاروباری حالات اچھے دکھائی نہیں دے رہے کیونکہ آغاز میں ہی مندی کا رجحان پیدا ہو گیاہے جبکہ گزشتہ روز بھی کاروبار کالے بادل چھائے رہے تھے ۔

سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز ہوا تو 100 انڈیکس 32 ہزار 422 پوائنٹس کی سطح پر تھا تاہم اس میں کچھ ہی دیر میں گراوٹ آنا شروع ہو گئی اور 100 انڈیکس میں اب تک 284 پوائنٹس کی کمی ہو چکی ہے جس کے بعد انڈیکس 32 ہزار 138 پوائنٹس پر آ گیاہے ۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز سٹاک مارکیٹ میں بڑے پیمانے پر کمی ہوئی اور انڈیکس نے 33 ہزار کی نفسیاتی حد کھو دی تھی ۔

یاد رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 9749 ہوگئی ہے جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا سے 17 اموات کے بعد مجموعی 209 ہوگئی ، وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرنیوالے فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ان کا بھی سیمپل لے لیا گیا جبکہ لاہور میں رینڈم ٹیسٹ شروع ہوگئے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 533 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد پاکستان میں کورونا سےمتاثرہ افراد کی تعداد 9749 ہوگئی ہے جب کہ 2156 افراد صحت یاب ہوگئے ہیں۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 5637 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 533 مریض پازیٹو نکلے جبکہ مجموعی طورپر اب تک 118,020 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔