ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک) ایمریٹس ایئرلائنز کی ایک پرواز روس میں شہر پر گر کر تباہ ہونے سے بال بال بچ گئی۔ میل آن لائن کے مطابق ایمریٹس کی پرواز اے 380ماسکو کے مضافاتی علاقے میں انتہائی نیچے آ گئی اور پائلٹس کو احساس ہی نہیں ہوا کہ ان کا طیارہ کتنا نیچے چلا گیا ہے۔ اس دوران ایئرٹریفک کنٹرولر، جو کہ روسی شہری تھا، پائلٹس سے رابطہ کرکے انہیں جہاز کو اوپر اٹھانے کو کہتا رہا لیکن اس کی انگریزی اتنی ناقص تھی کہ پائلٹس کو بہت دیر بعد اس کی بات سمجھ آئی اور انہیں جہاز کی اتنی نچلی پرواز کا احساس ہوا۔
رپورٹ کے مطابق ایوی ایشن ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پرواز تباہ ہونے کے درمیان صرف 25سیکنڈ کا فاصلہ رہ گیا تھا۔ اگر پائلٹس کو ایئرکنٹرولر کی بات پچیس سیکنڈ تک سمجھ نہ آتی اور انہیں احساس نہ ہوتا تو طیارہ ماسکو شہر میں گر کر تباہ ہو جاتا جس سے طیارے اندر موجود لوگوں کے علاوہ زمین پر موجود لوگوں کا بھی بہت نقصان ہوتا۔ یہ پرواز اس وقت ماسکو کے مضافاتی علاقے گورکی لیننسکی کے اوپر صرف120میٹر کی بلندی پر اڑ رہی تھی۔ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جہاز کے پائلٹس نے سمجھا کہ وہ بہت زیادہ بلندی پر ہیں چنانچہ وہ ماسکو ایئرپورٹ پر اترنے کے لیے جہاز کو تیزی سے نیچے لے آئے۔جہاز میں موجود مسافروں کو معلوم ہی نہیں تھا کہ وہ موت سے صرف 25سیکنڈز کے فاصلے سے واپس آئے ہیں۔