لاہور (نمائندہ خصوصی) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان برینڈن مکالم نے عالمی وباءکورونا وائرس اور انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے باعث رواں سال آسٹریلیا میں شیڈول ٹی 20 ورلڈکپ 2021ءکے آغاز تک ملتوی کرنے کا کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق برینڈن میکالم نے کہا کہ ” اگر مجھے اس معاملے پر شرط لگانی ہو تو میں اس بات پر لگاﺅں گا کہ رواں سال آسٹریلیا میں شیڈول ٹی 20 ورلڈکپ منصوبے کے مطابق نہیں ہو گا۔ آسٹریلیا کیلئے 16 انٹرنیشنل ٹیموں اور ان کی انتظامیہ کے افراد، براڈکاسٹرز کی نقل و حرکت کا انتظام کرنا آسان نہیں ہو گا جبکہ اس میگا ایونٹ کو بند دروازوں کے پیچھے ہوتا بھی نہیں دیکھ رہا، لہٰذا اس کیلئے 2021ءکے آغاز میں کوئی خالی ونڈو مل سکتی ہے جس کی وجہ سے رواں سال کے آخر میں آئی پی ایل کا انعقاد بھی ممکن ہو جائے گا۔“
انہوں نے مزید کہا کہ ”انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور بین الاقوامی کرکٹ کیلئے تماشائی بہت ضروری ہیں لیکن بھارت بند دروازوں کے پیچھے ٹورنامنٹ کروا سکتا ہے کیونکہ انہیں ٹی وی پر میچز دیکھنے والی بہت بڑی تعداد میسر ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ آئی پی ایل کے انعقاد کیلئے اکتوبر کے مہینے میں ونڈو حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی جس کے باعث ٹی 20 ورلڈکپ کو ملتوی کر دیا جائے گا۔“