• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری نے مجھے بلا کر استعفیٰ مانگا: فردوس عاشق

May 2, 2020

سیالکوٹ(نمائندہ خصوصی) سابق معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے الزام عائد کیا ہے کہ بہت سے لوگ وزارت میں دخل اندازی کرتے تھے اور وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان نے بلا کر استعفیٰ مانگا۔

سابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے توپوں کا رخ وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری کی جانب کردیا ہے۔نجی ٹی وی کو انٹرویو میں فردوس عاشق اعوان نے خود پر لگائے گئے الزامات کا دفاع بھی کیا اوردعویٰ کیا کہ ان کے خلاف خبریں چلوائی گئیں۔

دوسری جانب حکومتی ذرائع نے فردوس عاشق اعوان کا الزام مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری کے پاس ایسے اختیار ہی نہیں ہوتے، اس لیے ان کےلئے ممکن نہیں کہ وہ کسی بھی سیاست دان کی تعیناتی کو اپنی مرضی سے مستعفی ہونے کا کہہ سکے یا اسے ڈی نوٹیفائی کرسکے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا کہ بہت سے کیسز میں وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری پرتنقید کرنے کامقصد وزیراعظم کو ہدف بنانا ہوتا ہے جن پر براہ راست تنقید نہیں کی جاتی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم نے فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی اطلاعات کے عہدے سے ہٹاکر ان کی جگہ سابق ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم باجوہ کو مقرر کیا ہے جبکہ سینیٹر شبلی فراز کو وفاقی وزیر اطلاعات کا قلمدان سونپا گیا ہے۔