سکھر( رپورٹ امداد علی گل کلوڑ)پاکستان پیپلز پارٹی کے اپنے ہی عہدیداران ضلعی پولیس کے افسران پر نالاں، حکومتی کی جانب سے لاک ڈاؤن کے احکامات پر ضلعی پولیس کے افسران کی جانب سے عملدرآمد نہ کرانے کی شکایات اعلیٰ قیادت سے کرنے لگے، شہر کے مختلف علاقوں میں چند روز سے تمام بازار اور دوکانیں کھلی ہیں، جس پر تشویش ہے، پیپلزپارٹی سٹی سکھر کے سیکریٹری اطلاعات چوہدری اظہر حسنین کا میڈیا کو بیان۔ حکومتی رٹ کو قائم کرنے میں ضلعی پولیس ناکام ہوتی جارہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی سٹی سکھر کے سیکریٹری اطلاعات چوہدری اظہر حسنین نے اپنے جاری کردہ بیان میں شہر میں لاک ڈاؤن کی شدید خلاف ورزی پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ چند دنوں سے شہر کے مختلف بازار کھول دیئے گئے ہیں جو سندھ حکومت کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی ہے،غریب آباد، تمباکو بازار، بیراج روڈ، شہید گنج، شاہی بازار، باغحیات علی شاہ سمیت دیگر بازاروں میں دکانیں کھول دی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے صرف ضروریاتِ زندگی کی اشیاء کے کاروبار کی اجازت دی ہے۔دیکھنے میں آیا ہے کہ یہاں کپڑے، جوتے، کاسمیٹک، درزی، الیکٹرانک، چائے کے ہوٹل اور دیگر اشیاء کا کاروبار کیا جا رہا ہے جس کی ابھی تک ہر گز اجازت نہیں۔یہ کاروبار کس کی ایما پر جاری وساری ہے اس کی معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں یہ کہنے سے قاصر ہوں کہ سکھر انتظامیہ حکومتی احکامات پر عملدرآمد کروانے میں ناکام نظر آرہی ہے۔