کابل (نمائندہ خصوصی)افغانستان کے دارلحکومت کابل میں واقع امریکی سفارتخانے پر راکٹ حملہ کیا گیاہے جس سے اس کا کمپاونڈ تباہ ہو گیا تاہم کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے جبکہ حکام نے سفارتخانے کو کلیئر قرار دیدیا ہے
غیر ملکی خبر رساں ادارے ” اے پی “ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ رات گئے افغان دارلحکومت کے وسط میں واقع امریکی سفارتخانے کی عمارت سے دھویں کے گہرے بادل اٹھنے لگے جس کے بعد سائرن بجنا شروع ہو گئے اور اعلان کیا گیا کہ سفارتخانے پر ایک راکٹ فائر کیا گیاہے جس کے باعث کمپاونڈ میں دھماکہ ہواہے ۔تاہم راکٹ حملے میں قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے ۔امریکی سفارتخانے پر ہونے والے راکٹ حملے کی تصدیق نیٹو مشن کی جانب سے بھی کر دی گئی ہے اور بتایا گیاہے کہ کوئی اہلکار زخمی نہیں ہواہے ۔
خیال رہے کہ افغانستان میں 18 برس سے جاری امریکا کی طویل ترین جنگ کے خاتمے کے لیے طالبان اور ٹرمپ حکومت کے مابین ہونے والے مذاکرات کو ممکنہ معاہدے کے قریب پہنچ کر ختم کردینے کے بعد کابل میں یہ اب تک کا پہلا بڑا حملہ ہے۔