نئی دہلی(نمائندہ خصوصی) بھارت کی سابق حکمراں جماعت کانگریس کے مرکزی رہنما راہول گاندھی نے کہا ہے کہ ایک مرتبہ پھر ثابت ہو گیا ہے کہ بھارت میں فیس بک آزاد نہیں ہے۔
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل میں شائع شدہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئےراہول گاندھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھاکہ بھارت میں فیس بک دراصل بی جے پی اور آر ایس ایس کے دباؤ میں کام کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں فیس بک پر بھارتیہ جنتا پارٹی اورراشٹریہ سویم سیوک سنگھ کا کنٹرول ہے۔
کانگریس کے مرکزی رہنما نے وال اسٹریٹ جرنل کی خبر کے حوالے سے ایک ٹی وی رپورٹ کی ویڈیو بھی اپنے پیغام کے ساتھ شیئر کی ہے۔
ویڈیومیں کہا گیا ہے کہ فیس بک اپنا کاروبار بنا کسی رکاوٹ کے جاری رکھنے اور اپنے دفاترو ملازمین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بجرنگ دل کے کارکنان کی اشتعال انگیزی پر کسی بھی قسم کی کارروائی نہیں کرتا ہے۔