• Fri. Jul 4th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

کیا وزیر اعظم عمران خان کے مشیر نے اسرائیل کا دورہ کیا؟ اسرائیلی میڈیا کی خبر کے بعد سوشل میڈیا پر طوفان برپا

Dec 17, 2020

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ایک بڑے اسرائیلی اخبار ’اسرائیل ہیوم‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایشیا کے ایک بڑے مسلمان ملک کے رہنما کے سینئر مشیر نے تل ابیب کا دورہ کیا ہے اور حکام سے بات چیت کی۔ اخبار کے مطابق اس ملک کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔

اسرائیلی اخبار کی جانب سے کسی ملک کا نام نہیں لیا گیا لیکن یہ دعویٰ سامنے آنے کے بعد چہ میگوئیاں کی جا رہی ہیں کہ ممکنہ طور پر وزیر اعظم عمران خان کے کسی مشیر نے اسرائیل کا دورہ کیا ہے۔

اس حوالے سے سب سے پہلے تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے دعویٰ کیا تھا اور وزیر اعظم سے تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا کہ وہ پتہ لگائیں کہ ان کی ٹیم کے کون سے لوگ اسرائیل کے دورے پر گئے ہیں۔

بلاز نامی یہودی میڈیا آؤٹ لیٹ کی جانب سے ایک ٹویٹ میں پاکستان کا نام لے کر کہا گیا ہے کہ ایک پاکستانی وفد نے نومبر کے مہینے میں اسرائیل کا دورہ کیا ہے۔

پاکستان اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات نہیں ہیں لیکن گزشتہ کچھ عرصے سے دونوں ممالک کی نزدیکیوں کے بارے میں بہت سی خبریں تواتر کے ساتھ میڈیا اور سوشل میڈیا کی زینت بن رہی ہیں۔

اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان متعدد بار واضح کرچکے ہیں کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات اس وقت تک قائم نہیں کیے جاسکتے جب تک فلسطین کا مسئلہ حل نہیں ہوجاتا لیکن ان کی بار بار کی وضاحتوں کے باوجود بار بار یہ مسئلہ کسی نہ کسی صورت سامنے آتا رہتا ہے۔

اسرائیلی اخبار کی جانب سے اشاروں کنایوں میں پاکستان اور اسرائیل کے تعلقات کی خبروں کے بعد سے پاکستانی سوشل میڈیا پر تحریک انصاف حکومت کے حامیوں اور مخالفین میں بھی ٹھنی ہوئی ہے۔ تحریک انصاف کے مخالفین حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں جبکہ حکومت کے حامیوں کا کہنا ہے کہ پاکستان کسی صورت اسرائیل کو تسلیم نہیں کرسکتا کیونکہ اگر ایسا ہوتا ہے تو ہمارا کشمیر کا مقدمہ کمزور پڑ سکتا ہے۔