تہران (نمائندہ خصوصی) افغان طالبان نے الزام عائد کیا ہے کہ طالبان سے ہارنے والے داعش کے جنگجوؤں کو امریکی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے ریسکیو کیا جا رہا ہے۔
طالبان کا ایک وفد اس وقت افغان امن عمل پر بات چیت کیلئے تہران کے دورے پر ہے جہاں سینئر قیادت نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ امریکہ ان علاقوں سے داعش کے جنگجوؤں کو بھاگنے میں مدد دے رہا ہے جو طالبان کے قبضے میں آرہے ہیں۔
طالبان کی مذاکراتی ٹیم کے سینئر رکن سہیل شاہین کے مطابق افغان صوبوں ننگر ہار اور کنڑ میں طالبان نے داعش کو شکست دی اور ان کے جنگجوؤں کا محاصرہ کیا۔ جب محاصرہ جاری تھا تو امریکی ہیلی کاپٹرز آئے اور انہیں ریسکیو کرکے لے گئے۔
امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے طالبان کے ساتھ امن معاہدے پر نظر ثانی کا اعلان کرنے کے حوالے سے سہیل شاہین نے کہا کہ طالبان نے پہلے بھی 20 سال تک غیر ملکی فورسز کے قبضے کے خلاف جدوجہد کی ہے اور اگر معاہدے کی مدت کے دوران غیر ملکی فوجیں افغانستان سے نہ نکلیں تو مزاحمت جاری رہے گی۔