• Wed. Jul 2nd, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

تنخواہوں میں اضافہ کتنا ہو گا اور کس طرح ہو گا ؟ آخرکار وفاقی حکومت اور سرکاری ملازمین میں اتفاق ہو گیا ، بڑی خبر

Feb 11, 2021

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )سرکاری ملازمین کا احتجاج رنگ لے آیا ،نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیاہے کہ ایڈہاک ریلیف کے تحت تنخواہ میں 20 فیصد اضافہ گریڈ ایک سے 22 کے وفاقی سرکاری ملازمین کی ابتدائی بنیادی تنخواہ سے ہو گا جبکہ صوبوں کو ایک خط سے اس طرح کے اضافے کیلئے غور کیلئے کہا جائے گا ۔

نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز نے ذرائع کے حوالے سے کہاہے کہ کمیٹی اور سرکاری ملازمین کے درمیان معاہدے پر دستخط وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کی رہائش گاہ پر ہوں گے ، مذاکرات میں شامل اہم شخصیت نے بتایا کہ رات کے وقت سیکریٹر ی خزانہ سے بھی سرکاری کمیٹی کی بات چیت ہو چکی ہے ، ملازمین کے نمائندے بھی اس بات کیلئے تیار ہیں کہ 24 فیصد کی بجائے 20 فیصد تنخواہ میں اضافہ کر دیا جائے لیکن ایک سے 22 گریڈ تک تمام ملازمین کیلئے اضافہ کیا جائے گا ، جو پونے چار لاکھ ایسے ملازمین ہیں ، 22 ادارے ایسے ہیں جہاں ملازمین کی خصوصی اور دو گنا تنخواہیں ہیں ان کیلئے اضافہ نہیں ہو گا جبکہ پنشنرز بھی اس میں شامل نہیں ہیں ۔
کمیٹی اور ملازمین میں معاہدے کے بعد وفاقی کابینہ سے بھی منظوری لی جائے گی ، ملازمین کا کہناہے کہ معاہدہ کرلیں گے لیکن معاملہ اس وقت ختم ہو گا جب ایک طرف وزارت خزانہ نوٹیفکیشن جاری کردے گی اور دوسری طرف صوبائی حکومتوں کو خط لکھے جائیں گے اور مذاکراتی کمیٹی سے کہا جائے گا کہ وہ ان کے ساتھ صوبائی وزراءاعلیٰ کے پاس جائیں کیونکہ تنخواہیں بڑھانے کیلئے وفاقی حکومت کا پریشر بہت ضروری ہے ۔

اس وقت صورتحال یہ ہے کہ کے پی کے اورپنجاب میں جو گریڈ 21 تک ملازمین ہیں اور سیکریٹریٹ میں کام کرنے والوں کی تنخواہیں بہت زیادہ ہیں ،گریڈ 21 کی ملازم کی تنخواہ وفاقی سیکریٹری سے دو لاکھ روپے زیادہ ہے ، سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے دو مرتبہ تنخواہیں تو بڑھائیں ہیں لیکن 20 فیصد کا اضافہ انہیں بھی سیٹ کرنا پڑے گا۔