پشاور(عمران خان) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے کارروائیاں کرتے ہوئے تجاوزات قائم کرنے پر 1 ہفتے میں 333 افراد کو حراست میں لیکر ان پر جرمانے عائد کئے۔
تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں نے شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات مافیا کے خلاف کارروائیاں کیں کارروائیوں کے دوران متعدد موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو فورک لفٹر کے ذریعے اٹھا کر ٹرمینل میں بند کردیا گیا جبکہ مالکان پر جرمانے عائد کئے گئے اور انہیں ہدایت کی گئی کہ وہ آئندہ تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات مافیا کے خلاف مشترکہ طور پر کارروائیاں کرنے سے جلد شہر سے تجاوزات کا خاتمہ ہو جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات مافیا اپنا قبلہ درست کرے بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری خریداری کیلئے آتے وقت اپنی موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو پارکنگ میں کھڑی کریں نہ کہ سڑک کے کنارے کھڑی کر کے دیگر شہریوں کیلئے مشکلات پیدا کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے تجاوزات مافیا کے خلاف کارروئیاں جاری رہیں گی اور تجاوزات قائم کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائیگی۔
ٹریفک پولیس پشاور کی تجاوزات مافیا کیخلاف کارروائیاں‘333 افراد گرفتار
