• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

چیف ٹریفک آفیسر کا ٹریفک نظام کا جائزہ لینے کیلئے ڈبگری گارڈن شعبہ بازار‘ قصہ خوانی اور خیبر بازار کا دورہ

Mar 4, 2021

پشاور(عمران خان خیبر پختون خواہ) چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ٹریفک نظام کا جائزہ لینے کیلئے سٹی سیکٹر میں ڈبگری گارڈن ، شعبہ بازار ‘ قصہ خوانی اور خیبر بازار کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ٹریفک کی روانی کا جائزہ لیا اور ٹریفک اہلکاروں کو بلا تعطل ٹریفک یقینی بنانے اور سڑک کنارے گاڑیاں پارک کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت کی اور کہا کہ تجاوزات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکار شہریوں کیلئے آسانی پیدا کرنے کیلئے تجاوزات مافیا کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں اور کسی کے ساتھ رعایت نہ برتی جائے جبکہ غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شعبہ بازار‘ قصہ خوانی اور خیبر بازار قدیمی علاقے ہیں جس کی خوبصورتی کیلئے ہم سب کو کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے ٹریفک عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ٹریفک اہلکار اپنے اپنے پوائنٹس پر ٹریفک کی روانی یقینی بنائیں اور شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کریں اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈبگری گارڈن گنجان آباد علاقہ ہے جہاں پر صوبے کے مختلف اضلاع سے لوگ علاج معالجے کیلئے گاڑیوں میں آتے ہیں ٹریفک حکام پلازہ مالکان کو پارکنگ میں گاڑیان کھڑی کرنے کا پابند بنائیں تاکہ بلا تعطل ٹریفک کی روانی ممکن ہو۔