واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ نے ترکی میں مقامی سطح پر بنائے گئے 30جنگی ہیلی کاپٹر پاکستان کو فراہم کرنے سے روک دیا۔ ڈیلی ڈان کے مطابق ترکی کے صدارتی ترجمان ابراہیم کیلن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ امریکہ نے ترکی کو پاکستان کو ہیلی کاپٹر فروخت کرنے سے روک دیا ہے۔اس اقدام سے خود امریکہ ہی کے مفادات کو نقصان پہنچے گا کیونکہ اس سے پاکستان چین سے جنگی ہیلی کاپٹر خریدنے پر مجبور ہو جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق ترکی پاکستان کو30 اے ٹی اے کے ٹی 129ہیلی کاپٹر فروخت کرنے جا رہا تھا۔ اس طیارے میں جو انجن استعمال کیے جا رہے ہیں، اس کی ایکسپورٹ کلیئرنس امریکہ دیتا ہے۔ چنانچہ اس نے ترکی کو یہ ہیلی کاپٹر پاکستان کو دینے سے روک دیا۔ پاکستان اور ترکی کے درمیان جولائی 2018ء میں ڈیڑھ ارب ڈالر مالیت کے اس معاہدے پر دستخط ہوئے تھے۔