لاہور (نمائندہ خصوصی)دورہ جنوبی افریقہ کیلئے قومی ٹیم پی آئی اے کی چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے روانہ ہو گئی ہے، ان 34 ارکان میں 21 کھلاڑی اور 13 ٹیم آفیشلز شامل ہیں۔ لیکن نوجوان بلے باز سعود شکیل انجری کے باعث سکواڈ کا حصہ نہیں بن سکے اور سیریز سے باہر ہو گئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق سعود شکیل قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پریکٹس میچ کے دوران گریڈ ون ٹیئر کی انجری کا شکار ہو گئے تھے۔سلیکشن کمیٹی نے ٹیم مینجمنٹ کی مشاورت کے بعد آصف علی کو بطور متبادل کھلاڑی قومی ون ڈے اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔آصف علی پہلے ہی جنوبی افریقا اور زمبابوے کے خلاف اعلان کردہ قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
سعود شکیل زمبابوے کے خلاف اعلان کردہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا بھی حصہ ہیں لہٰذا فیصلہ کیا گیا ہے کہ وہ فی الحال نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں اپنے ری ہیب پروگرام کا آغاز کریں گے اور اگر وہ 12 اپریل سے قبل مکمل صحتیاب ہو جاتے ہیں تو وہ ٹیسٹ سکواڈ میں شامل بقیہ 10 ارکان کے ہمراہ ہرارے کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔