• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پشاوچیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی زیر صدارت ٹریفک قوانین اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد سے متعلق خصوصی اجلاس کا انعقاد کیا گیا

Apr 6, 2021

خیبر پختون خواہ(عمران خان )پشاوچیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی زیر صدارت ٹریفک قوانین اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد سے متعلق خصوصی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں ایس پی ہیڈ کوارٹرز افتخار علی‘ ایس پی کینٹ ٹریفک امان اللہ‘ ایس پی سٹی ٹریفک عبد السلام خالد‘ ڈی ایس پیز سمیت ٹریفک آفیسرز اور ٹریفک وارڈنز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں کورونا ایس او پیز اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا اور ٹریفک حکام کو ہدایت کی گئی کہ وہ وبائی صورتحال کے باعث کورونا ایس او پیز پر عملدآمد کو ہر صورت یقینی بنائیں جس کے تحت ٹریفک حکام پبلک ٹرانسپورٹ میں سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں اور ماسک کا استعمال نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں جبکہ ہفتہ اور اتوار کو لاک ڈاؤن کے تحت بین الصوبائی اور بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ کی بندش پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں جبکہ اس کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائیں اور اس سلسلے میں کسی کیساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے۔ ٹریفک حکام کی جانب سے چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کو ہفتہ اور اتوار کے روز لاک ڈاؤن اور بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ کی بندش کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں بارے بریفنگ دی گئی جس کے تحت ماسک کا استعمال نہ کرنے پر 3826‘ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی پر 140 گاڑیوں کو ٹرمینل میں بند کیا گیا جبکہ 26 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے حکام اور ٹریفک وارڈنز گاڑیوں میں سماجی فاصلے یقینی بنانے سمیت شہریوں کو ماسک کے استعمال کا پابند بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہفتہ اور اتوار کو لاک ڈاؤن کے تحت بین الصوبائی اور بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ کی بندش کے سبب اڈہ جات کو مکمل طور پربند رکھا جائے جبکہ اڈہ جات کی بندش کے باعث سڑکوں سے سواریاں اٹھانے اور بٹھانے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں کر کے گاڑیوں کو ٹرمینل میں بند کیا جائے کیونکہ وبائی صورتحال میں حکومتی احکامات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے ٹریفک حکام کو ہدایت کی کہ وہ وبائی صورتحال میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے سمیت ٹریفک سے متعلق جاری مہمات سیٹ بیلٹ‘ ہیلمٹ‘ غیر رجسٹرڈ گاڑیوں‘ موٹر سائیکلوں‘ بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے گاڑیوں کے چلانے اور دیگر مہمات میں بھی تیزی لائیں اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہ کی جائے۔