لاہور(نمائندہ خصوصی) ترجمان پنجاب حکومت ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے اپنے بھائی نوازشریف کی گارنٹی دی تھی کہ وہ علاج کروا کر پاکستان واپس آئیں گے مگر لیگی صدر نے بھائی کو واپس لا نے کی بجائے خود ملک سے فرار ہونے کی کوشش کی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ن لیگی قیادت کے لئے عیدکی خوشیاں بیرون ملک منانا باعث اعزازہے،ان کی جائیدادیں،اولادیں،کاروبار اور سمدھی باہرہیں،جویہاں عیدمنانابھی توہین سمجھے وہ ملک کاوفادارکیسے ہوسکتاہے، یہ عیدآپ پاکستان میں منائیں ،کس چیزکی بےتابی ہے؟،کسی عیدکا مزہ پاکستان میں بھی چکھ لیں۔
فردوس عاشق نے کہا کہ نوازشریف نے کہاتھا 4 ہفتے میں علاج کراکرواپس آجاوں گا مگر وہ ابھی تک فرار ہیں۔ شہبازشریف ملک میں رہ کرکرپشن کیسزکاسامناکریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیڈرل انوسٹی گیشن اتھارٹی (ایف آئی اے)کادفترعیدکی چھٹیوں کی وجہ سے بندہے مگر پھر بھی مسلم لیگ(ن)کی کنیزیں ایف آئی اے کے دفترپرحملہ آورہوئیں اور لیگی کارکنان بند دفترمیں چٹھیاں پھینک کرمیڈیاپرفلم کی شوٹنگ کراتے رہے ہیں۔
ترجمان پنجاب حکومت نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان یکساں قانون کے نفاذکیلئے جنگ لڑرہے ہیںاورنظام میں موجودخامیوں کودورکرنے کیلئے اصلاحات کررہے ہیں،انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ دینے کا حق دے کرا ن سے اپنا وعدہ پورا کیا ہے،بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک میں کثیرزرمبادلہ بھیجتے ہیں۔
لاک ڈاﺅ ن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کورونالاک ڈاوَن لگانے کاباقاعدہ نوٹیفکیشن جاری ہوچکاہے، عوام سے اپیل ہے کہ کوروناایس اوپیزپرسختی سے عمل کریں۔