• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پنجاب میں انٹرسٹی ٹرانسپورٹ آج شام 6بجے کے بعد بند کر دی جائے گی

May 10, 2021

لاہور (نمائندہ خصوصی)کیبنٹ کمیٹی برائے کورونا کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے پنجاب میں آج انٹرسٹی ٹرانسپورٹ شام چھ بجے سے بند کر دی جائے گی ،آج شام 6بجے سے 15مئی کی صبح 6 بجے تک بین الصوبائی اور انٹرسٹی ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند رہے گی ۔

نجی ٹی وی نیو نیوز کے مطابق رکشہ ،ٹیکسی اور نجی گاڑیوں کو 50فیصد گنجائش کیساتھ سفر کرنے کی اجازت ہو گی ، تمام کاروبار ، دفاتر مارکیٹیں ، اوردکانیں بند رہیں گی ، میڈیکل سٹور ، ویکسی نیشن سنٹر ،پٹرول پمپ ، تنور ، دودھ دہی ،فوڈ ٹیک اویز ، بجلی ، گیس ، ای کامرس کی دکانوں اور دفاتر کو 24گھنٹے کھلا رکھنے کی اجازت ہو گی ۔

پھل ، سبزی ، گوشت ،زرعی بیٹریز کی دکانیں ، ڈرائی کینز اور لانڈری شام چھ بجے تک کھلی رکھنے کی اجازت ہو گی ، منی ایکسچینج کمپنیاں، کوریئر اور متعلقہ سروسز صبح نو سے شام چھ بجے تک کھلی رہیں گی ۔ غلہ منڈی ، مویشی منڈیاں ، آٹو ورکشاپ تیل کے ڈپو کھلے رہیں گے ۔

بجلی ، گیس ، انٹرنیٹ ،کال سینٹرز کو بھی صبح نو تا شام چھ بجے کام کرنے کی اجازت ہو گی ، ان ڈور ، آؤٹ ڈور ریسٹورنٹس پر پابندی ہو گی ، صرف ٹیک اوے کی اجازت ہے ، چاند رات کو بازاروں کے تمام سٹالز پر مکمل پابندی ہو گی ۔پنجاب بھر میں تمام پارکس ، تفریحی مقامات اور سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ، ہر قسم کی کھیلوں اور ثقافتی اجتماعات پر پابندی ہے ۔

فارماسوٹیکل صنعت، پیکنگ اینڈ پرنٹنگ ، میڈیکل آلات بنانےو الے کاروبار کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے ۔