اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی وزیرخارجہ انتھونی بلنکن کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کرکے زیر قبضہ فلسطینی علاقوں میں جاری اسرائیلی جارحیت اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے حوالے سے پاکستانی قوم کے شدید اضطراب سے آگاہ کیا،وزیر خارجہ نے فلسطین میں بڑھتی ہوئی کشیدگی میں کمی لانے اور امن کی بحالی کیلئے امریکا کی جانب سے موثر کردار ادا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے دو طرفہ اور اہم علاقائی امور پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے امریکی وزیرخارجہ انتھونی بلکن کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا جس دوران دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات اور اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔ اپنی گفتگو کے دوران مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، امریکہ کے ساتھ مضبوط اقتصادی تعاون، علاقائی روابط کے فروغ اور جنوبی ایشیا میں قیام امن کیلئے یکساں سوچ پر استوار، وسیع البنیاد اور جامع شراکت داری کا خواہاں ہے۔وزیر خارجہ نے امریکی ہم منصب کو وزیر اعظم عمران خان کے” نیا پاکستان وژن” کے خدوخال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم جغرافیائی اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں ۔ وزیرخارجہ نے کہاکہ اس وژن کا محور، قیام امن، ترقی میں شراکت داری اور علاقائی روابط کا فروغ ہے ۔پاکستان، افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا مصالحانہ کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے ۔
شاہ محمود قریشی نے کہاکہ افغان مسئلے کے دیرپا اور جامع سیاسی حل کی ذمہ داری افغانوں ، اہم علاقائی و بین الاقوامی سٹیک ہولڈرز پر مشترکہ طور پر عائد ہوتی ہے ۔ وزیر خارجہ نے افغان مسئلے کے جامع سیاسی حل کو عملی جامہ پہنانے کیلئے افغانستان سے افواج کے ذمہ دارانہ انخلا، تشدد کے واقعات میں کمی اور مکمل سیز فائر کی ضرورت پر زور دیا او ر کہاکہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں ۔
وزیر خارجہ نے دہشت گردی کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے سخت آئینی اقدامات سے امریکی وزیر خارجہ کو آگاہ کرتے ہوئے ان جرائم کی بیخ کنی کیلئے پاکستان کے پختہ عزم کا بھی اعادہ کیا۔ شاہ محمود نے امریکی ہم منصب کو زیر قبضہ فلسطینی علاقوں میں جاری اسرائیلی جارحیت اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے حوالے سے پاکستانی قوم کے شدید اضطراب سے آگاہ کیا۔وزیر خارجہ نے فلسطین میں بڑھتی ہوئی کشیدگی میں کمی لانے اور امن کی بحالی کیلئے امریکا کی جانب سے موثر کردار ادا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے دو طرفہ اور اہم علاقائی امور پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔